لوبیا

محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو لوبیا کی فصل کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کا مشورہ

فیصل آباد(عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لوبیا کی فصل کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ماہرین زراعت نے کہا کہ یہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایاکہ لوبیا بطور دال اور چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کے لئے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کیلئے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔

انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ذرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کیلئے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے رانی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کیلئے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دے دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں