ڈیرہ اسماعیل خان(عکس آن لائن )محکمہ زراعت نے گندم کی آبپاشی کا شیڈول جاری کردیا۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس، مکئی اور کماد کے بعد گندم کو پہلا پانی شگوفے نکلتے وقت یعنی بوائی کے 20 تا 25 دن بعد لگائیں اور دھان کے بعد کاشتہ فصل کی 35 سے 45 دن بعد آبپاشی کریں اور پچھتی کاشت کے بعد پہلا پانی بوائی کے 25 سے 30 دن بعد لگائیں۔
کمزور زمین میں پہلے پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا، اوسط زرخیز زمین میں پونی بوری یوریا جبکہ زرخیز زمین میں آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں۔ بارانی علاقوں میں جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں۔ آبپاش علاقوں میں چوڑے پتوں اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہروں کا سپرے کریں۔