محمد رضوان

محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کی ذمہ داری قبول کرلی

کرائسٹ چرچ (عکس آن لائن)ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ مجھے جس طرح وکٹ کیپنگ میں پرفارم کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کر سکا،میچ میں اچھی فیلڈنگ بھی نہیں کر سکے ،سیریز ہمارے لیے بہت بڑا سبق تھا، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں کپتان کی حیثیت سے تمام زمہ داری قبول کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے جس طرح وکٹ کیپنگ میں پرفارم کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کر سکا، ہم نے میچ میں اچھی فیلڈنگ نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 20 وکٹیں درکار ہوتی ہیں اور یہاں فیلڈنگ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، یہ سیریز ہمارے لیے بہت بڑا سبق تھا، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔

کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان نے کہاکہ ہمیں فیلڈنگ کے شعبے میں سب سے زیادہ بہتری لانے کی ضرورت ہے، بیٹنگ میں بھی ہماری پرفارمنس مستقل نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے بیٹسمین باصلاحیت ہیں، آئندہ سیریز میں ان سے بہتر کارکردگی کی امید ہے،اس ٹیسٹ میچ میں باؤلرز نے ہمارے لیے کئی مواقع پیدا کیے۔ انہوںنے کہاکہ ان کے جارحانہ انداز میں کمی نہیں ہے مگر کیچز چھوٹنے سے ان کا مورال گرا۔محمد رضوان نے کہاکہ ہم میچ کے اختتام میں ریلیکس ہوئے جس کا خمیازہ بھگتا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس اتنی انرجی ہونی چاہیے کہ پہلے سیشن کی طرح تیسرے سیشن میں بھی اچھی باؤلنگ کرسکیں۔ انہوںنے کہاکہ کین ولیمسن ورلڈ نمبر ون بیٹسمین ہیں، انہوں نے ہمیں مواقع دئیے لیکن ہم نے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق کائل جیمیسن رہے، دراز قد کی وجہ سے انہیں بہت مدد ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں