خلیل جارج

محبت سے معاشرے فروغ پاتے ہیں،محبت کی دیواروں کو نفرت کی دیواروں سے اونچا کرنا ہے’ خلیل جارج

لاہور( عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ محبت سے معاشرے فروغ پاتے ہیں،محبت کی دیواروں کو نفرت کی دیواروں سے اونچا کرنا ہے ،پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کے پرچم کے سایے تلے سب ایک ہیں، پاکستان کی ترقی میں مسلمانوں اور غیر مسلم دونوں کا اہم کردار ہے۔ان خیالات کا انہوں نے قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ نگران وفاقی وزیرخلیل جارج نے کہا کہ یہ اللہ کا حکم ہے جس ملک میں رہتے ہو اس کی سلامتی کیلئے ہمیشہ دعا گو رہو، جس طرح آج پاکستان بدل رہا ہے وہ چاہے بشپ ، فادر،پادری اور چاہے مولانا حضرات ہوں یہ ملک ان کی محنتوں سے ترقی اور ہم آہنگی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف اپنے سپہ سالار کے لیے یہ کہوں گا کہ یہ جو خوبصورت دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے کیونکہ اس وردی کا احترام سیاچین کے مائنس55 درجہ حرارت پہ کھڑا سپاہی کسی پہاڑ کی حفاظت نہیں کر رہا بلکہ وہ پاکستانی عوام کی حفاظت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوبصورت دھرتی کے پیچھے ہمیشہ وردی رہتی ہے اور میں نہ صرف پاک افواج کو بلکہ تمام ایجنسیز،پولیس اور دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس موقع پر انہوں نے ایک شعر پڑھا اب کے برس ایک ایسا شجر لگایا جائے کہ جس کا پڑوسی کے آنگن میں بھی سایہ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس عزم کے ساتھ پاکستان کی آبیاری کرنی ہے اور اس ملک کوآگے لے کے جانا ہے اور میرا ایمان ہے کہ ”پیغام پاکستان ”کا جو پیغام ہے ہم سب کا پاکستان ہے اور اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محبت سے معاشرے فروغ پاتے ہیں اور محبت کی دیواروں کو نفرت کی دیواروں سے اونچا کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں