آئی پی ایل

متعدد کھلاڑیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد آئی پی ایل ملتوی کر دی گئی

نئی دہلی(عکس آن لائن)انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان میں کورونا کی تشخیص کے بعد لیگ کے 2021 سیزن کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق انڈین پریمیر لیگ کی گورننگ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہنگامی اجلاس میں فوری پر آئی پی ایل 2021 سیزن کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر افراد کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتاجبکہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

آئی پی ایل انتظامیہ نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بائیوسیکور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لیگ کے جاری رہنے پر سوالات کھڑے ہوگئے تھے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکراوَرتھی اور سندیپ واریئر کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ آغاز سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیا گیا تھا۔بعد ازاں باؤلنگ کوچ ایل بالاجی سمیت چنئی سپر کنگز کے اسکواڈ کے تین اراکین کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد پوری ٹیم کو آئیسولیٹ کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں