سپریم کورٹ

لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد (نمائندہ عکس)سپریم کورٹ میں لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ، جس میں میمو گیٹ اسکینڈل کی طرز پر تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی،سپریم کورٹ میں درخواست نعیم الحسن ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 27مارچ کے جلسے میں ایک خط دکھایا گیا، خط کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہیں ، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی بھی خط پر اپنا بھرپور ردعمل دے چکی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ میمو گیٹ اسکینڈل کی طرز پر تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے، کمیشن سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے چیف جسٹسزپرمشتمل ہو۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ تحقیقات تک تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روکنے کا حکم دیا جائے، حساس اور ہنگامی نوعیت کا معاملہ ہے،فوری سماعت کی جائے۔ درخواست میں وفاق ،اسپیکر ،الیکشن کمیشن ،وزارت خارجہ ، وزارت دفاع اور وزارت داخلہ ، تحریک انصاف ، پیپلز پار ٹی ، مسلم لیگ ن اور جمعت علما اسلام اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں