لوسرن

لوسرن کی منظور شدہ قسم نیم خشک علاقوں کیلئے بھی موزوں قرار

مکوآنہ (عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب نے لوسرن کی منظور شدہ قسم کونیم خشک علاقوں کیلئے بھی موزوں قرار دیدیا ہے اور کہاہے کہ کاشتکار سرگودھا لوسرن 2002 کی بروقت کاشت کرکے اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ خشک علاقوں میں بھی مذکورہ قسم کی آبپاش فصل نہایت کامیاب ثابت ہوئی تاہم مرطوب آب وہوا اس فصل کیلئے مفید نہیں۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق زیادہ بارش والے علاقوں میں لوسرن کی فصل اپنی دوامی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتی کیونکہ وہاں جڑی بوٹیوں اور گھاس کی افراط ہو جاتی ہے مگریہ پودا دھوپ کو پسند کرتا ہے اسلئے سردیوں میں بارش اور بادل اس کیلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لوسرن کی فصل کیلئے بہتر نکاس والی زرخیز میرا زمین جس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہو موزوں ترین ہے تاہم سیم زردہ او ر کلر والی زمین اس کیلئے مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ لوسرن کی فصل چونکہ 6 سے 7 سال تک چارہ دیتی رہتی ہے اسلئے اس کی تیاری پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فصل کی کاشت کیلئے کاشتکار ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور چار پانچ دفعہ ہل سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کر لیں۔انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار کیلئے کھیت کا ہموار ہونا ضروری ہے نیز لوسرن کی بوائی کیلئے بہترین وقت 15 نومبر تک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں