لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 108 ، این اے 118 میں ضمنی انتخابات روک دیے

لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کی استدعا منظور کرلی ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماوں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے این اے 108 اور این اے 118 میں ضمنی انتخابات روک دئیے ہیں ۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ۔ عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دونوں حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی الیکشن منعقد کیے جانے تھے ، قومی اسمبلی کی مدت 90 روز سے کم رہ چکی ہے ، قانونی طور پر ضمنی الیکشن ان حلقوں میں نہیں ہوسکتے ، پشاور ہائیکورٹ نے بھی خیبر پختونخوا میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے، لہذا این اے 108 اور 118 میں الیکشن روکنے کا حکم دیا جائے۔

وکیل درخواست گزار نے اپنے موقف میں کہا کہ الیکشن کمیشن ایک طرف کہتا ہے پنجاب میں الیکشن نہیں کروا سکتے، دوسری طرف دونوں حلقوں کے لیے فنڈز جاری کرکے ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں