لاہور قلندرز

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور(عکس آن لائن)قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے 99رنز کا ہدف 49 گیندیں قبل 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔لاہور قلندرز کی یہ ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے۔

اس سے قبل بھی لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے16ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ تجربہ کار اسپنر سمت پٹیل کی شاندار باؤلنگ کی بدولت مہمان ٹیم کے ابتدائی چھ بلے باز محض 6 اوورز میں21کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جیسن رائے6، شین واٹسن صفر، احمد شہزاد 9، کپتان سرفراز احمد 1جبکہ اعظم خان اور بین کٹنگ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔سمت پٹیل نے 4 اوورز پر مشتمل اپنے کوٹہ میں 5رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک میڈین اوور بھی شامل ہے۔ آٹھویں نمبر پر میدان میں اترنے والے سہیل خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے وہ واحد بلے باز تھے جنہوں نے حریف باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی۔ انہوں نے پہلے محمد نواز اور پھر زاہد محمود کے ہمراہ بالترتیب 29 اور 34 رنز کی شراکت قائم کرکیکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مجموعہ 90 کے پار لگایا۔

سہیل خان نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 32 رنزکی اننگز کھیلی۔ زاہد محمود 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نواز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران فواد احمد4 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور فرزان راجہ نے 2،2 جبکہ سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور سہیل اختر پرمشتمل لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی 32 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔

فخر زمان 20 اور سہیل اختر5رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو محمد نواز نے آؤٹ کیا۔تیسری وکٹ کے لیے محمد حفیظ اور بین ڈنک کے درمیان68 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میزبان ٹیم کو فتح دلادی۔ لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 11.5اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔محمد حفیظ 39ا ور بین ڈنک 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے پر سمت پٹیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آٹھ مارچ بروز اتوار کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں2میچز کھیلے جائیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں