لاہور انجینئرنگ یونیورسٹی

لاہور انجینئرنگ یونیورسٹی نے انٹری ٹیسٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا

لاہور(عکس آن لائن)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے پنجاب بھر کے انجینئرنگ اداروں میں انٹری ٹیسٹ 2020کے شیڈول کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق حتمی ٹیسٹ 13 اور 14جون کو ورچوئل یونیورسٹی کے مختص کردہ سنٹرزمیں ہوگا۔

انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے طلبہ و طالبات 14 مئی سے یکم جون تک ایچ بی ایل کی نامزد شاخوں سے انٹری ٹیسٹ کے ٹوکن حاصل کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سرکاری اداروں میں بی ایس سی انجینئرنگ اور بی ایس سی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے پروگرامز میں داخلے کیلئے آن لائن انٹری ٹیسٹ ہوگا، امیدواروں کو کمپیوٹر پر ٹیسٹ دینے کی رہنمائی کیلئے مورخہ 6اور 7جون کو ورچوئل یونیورسٹی کے مختص کردہ امتحانی مراکز میں موک / تجرباتی ٹیسٹ لیا جائے گا ۔ جبکہ حتمی ٹیسٹ 13اور 14جون کو لیا جائے گا۔ اسی طرح انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 15جون کو کر دیا جائے گا۔

طلبہ انٹری ٹیسٹ سے متعلق تمام معلومات یو ای ٹی لاہور کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ نیز داخلہ ٹیسٹ فارم پر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یو ای ٹی لاہور، یو ای ٹی ٹیکسلا، انجینئرنگ کالج بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، NFC انسٹیٹیوٹ برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خانیوال روڈ ملتان، انجینئرنگ کالج اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف گجرات اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی(صرف خواتین کیلئے )راولپنڈی میں طلبا و طالبات کیلئے کمپیوٹر اور پرنٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں