جوہر ٹاون میں دھماکا

لاہور، جوہر ٹاون میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق ، 17 زخمی، 3 کی حالت تشویشناک

لاہور(عکس آن لائن ) جوہر ٹاون میں دھماکے کے نتیجے میں2 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکا مین گیس لائن پھٹنے سے ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہیں ، زخمیوں میں جوہر ٹاون میں سیکیورٹی پرمامور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے سے ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور دھماکے کے زخمیوں کوجناح اسپتال منتقل کردیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکا مین گیس لائن پھٹنے سے ہوا اور دھماکے سے لیسکو کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں جبکہ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دھماکےسے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں اور رکشہ تباہ ہوا۔ ڈی سی لاہور نے ریسکیو1122 ، اسسٹنٹ کمشنر اور لیسکوحکام کو بھی جائے وقوع پہنچنے سمیت تمام اسپتالوں کو ایمرجنسی الرٹ کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے جوہرٹان میں دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کوفی الفورقانون کی گرفت میں لایاجائے اور زخمی افرادکوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلی پنجاب نے جناح اسپتال سمیت دیگراسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا زخمیوں کے علاج معالجے کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کوموقع پرپہنچے کی ہدایت کردی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رکھا جائے،امدادی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری طور پرامدادی کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں