پولیس اور سول ڈیفنس

لاک ڈاﺅن کے دوران ڈیوٹی دینے والے پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کے جوان لائق تحسین ہیں،عبدالقیوم گوندل

گوجرانوالہ(نمائندہ عکس آن لائن)کرونا کے خلاف فرنٹ لائن میں لڑنے والوں میں پولیس اور سول ڈیفنس کے جوانوں کا کردار ناقابل فراموش ہے جو اپنی زندگیوں کی پرواہ کئے بغیر گلی محلوں اور مختلف مقامات پر لگائے گئے ناکوں پر دن رات دیکھے بغیر فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

روزے کی حالت میں لاک ڈاﺅن کے دوران ڈیوٹی دینے والے پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کے جوان لائق تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی رینج کرائم عبدالقیوم گوندل اور ایڈیشنل چیف وارڈن طارق محمود مغل نے پنڈی بائی پاس ناکے پرروزے کی حالت میں لاک ڈاﺅن کے دوران ڈیوٹی دینے والے پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے ساتھ روزہ افطار کرنے کے موقع پر کیا ۔

ایس ایس پی رینج کرائم عبدالقیوم گوندل نے کہا کہ کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں ہر افسر پنجاب پولیس سول ڈیفنس کے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،مشکل حالات میں بہترین ڈیو ٹی سرانجام دینے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ ایڈیشنل چیف وارڈن طارق محمود مغل نے کہا کہ کرونا کے باعث ہنگامی صورتحال میں آرمی ،پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ گوجرانوالہ میں سول ڈیفنس کے 500جوان فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہنگامی حالت میں پوری طرح مستعد ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی رینج کرائم عبدالقیوم گوندل اور ایڈیشنل چیف وارڈن طارق محمود مغل نے شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے ناکوں کا وزٹ کیا اور جوانوں کو ہدایات بھی دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں