قومی انڈر 19

قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا رانڈ مکمل

لاہو ر(عکس آن لائن) ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں سندھ نے عامر علی کی شاندار بالنگ کی بدولت سدرن پنجاب سے یقینی فتح چھین لی۔ عامر علی نے دوسری اننگز میں 7 شکار کر کے سدرن پنجاب کو 89 رنز پر ڈھیر کردیا۔ سندھ نے 141 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔ سدرن پنجاب نے 56 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے آخری کھیل کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 50ویں اوور میں 89 رنز پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔

عامر علی نے 33 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 51 رنز کی سبقت حاصل کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے سندھ کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔ صائم ایوب اور محمد طحہ خان کی نصف سنچریوں کی بدولت سندھ نے مطلوبہ ہدف 30 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 227 رنز بنائے تھے۔ جواب میں سندھ کی ٹیم 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سندھ کے عامر علی نے میچ میں 10 جبکہ سدرن پنجاب کے حارث جاوید خان نے 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسری جانب جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں ناردرن اور بلوچستان کے درمیان دلچسپ میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 170 رنز کے تعاقب میں ناردرن کے 58 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔

بلوچستان کے اوپنرز نے میچ کے آخری روز 12 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عبدالواحد نے 42 اور محمد ابراہیم نے 34 رنز اسکور کیے۔ ناردرن کی جانب سے منیر ریاض نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناردرن کی ٹیم کو 21 اوورز میں 170 رنز کا ہدف ملا تو کوئی بھی بلے باز بلوچستان کے اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور مقررہ 21 اوورز میں 7 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے. اس دوران کھیل کے لیے مقررہ وقت ختم ہوجانے کے باعث امپائرز نے میچ کو بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ناردرن کی آخری 5 وکٹیں محض 10 اسکور پر گریں۔ اس سے قبل بلوچستان نے پہلی اننگز میں 294 رنز بنائے تھے۔ ناردرن کی جانب سے مہران ممتاز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ناردرن نے مقررہ 83 اوورز میں 309 رنز بنائے۔ بلوچستان کے اختر شاہ نے بھی پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ادھر اتفاق گرانڈ لاہور میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ 267 رنز کے تعاقب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم مقررہ وقت میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بناسکی۔ سنٹرل پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 89 رنز سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو اوپنر محمد حریرہ کے شاندار 170 رنز کی بدولت ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ 173 گیندوں کا سامنا کرنے والے اوپنر کی اننگز میں 23 چوکے شامل تھے۔

سنٹرل پنجاب کے کپتان قاسم اکرم نے 266 رنز کی برتری پر دوسری اننگز ڈکلیئر کی۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم کو مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لیے 45 اوورز دئیے گئے تاہم ان کی ٹیم مقررہ وقت میں 170 رنز ہی اسکور کرسکی اور اس کے 6 کھلاڑی آٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ثاقب جمیل نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں251 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے286 رنز بنائے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں