سمندری طوفان

فلپائن ، سمندری طوفان کموری سے منیلا ایئر پورٹ بند،500 پروازیں منسوخ

اسلام آباد(عکس آن لائن)فلپائن میں سمندری طوفان کموری نے تباہی مچا دی ۔ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران ہزاروں افراد نے شیلٹرز میں پناہ لے کر جانیں بچائیں جبکہ دارالحکومت منیلا کا بین الاقوامی ہوائی اڈا بھی بند کردیا گیا۔ 500 پروازیں منسوخ ہونے سے سینکڑوں مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ منیلا کے جنوبی ساحل سے اٹھنے والے طاقتور طوفان کے دوران عمارتوں کی کھڑکیاں اور گھروں کی چھتیں اڑا گئیں ۔

متاثرہ علاقے میں ان دنوں جنوب مشرقی ایشین گیمز منعقد ہو رہی ہیں جن میں ہزاروں کھلاڑی شریک ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگرچہ طوفان کے زور میں کمی آئی ہے تاہم اس وقت بھی ہوا کی رفتار 150 سے205 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہے ۔ امدادی سرگرمیوں میں مصروف رضاکار لوئسٹو منڈوزا کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ بجلی کے کھمبے اور درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے ہیں ، مجموعی نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے ۔

امدادی کارکن کے مطابق وسطی بیکول کے علاقے میں3 لاکھ 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا گیا جبکہ منیلا کی نشیبی آبادی کو پہلے ہی گھرخالی کرنے کا کہا گیا تھا ۔ منیلا ایئر پورٹ کے جنرل منیجر ایڈ منریال نے بتایا کہ فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ موسم پر منحصر ہے ۔

واضح رہے کہ فلپائن کوہر سال اوسطاً 20 سمندری طوفانوں کا سامنا ہوتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں