محمود عباس

فلسطینی صدر محمود عباس کا حماس رہنماء اسماعیل ھنیہ کے مکتوب کا خیر مقدم

رام اللہ(عکس آن لائن)فلسطینی ایوان صدرنے کہاہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی طرف سے لکھا ایک مکتوب صدر عباس کو پہنچا دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ فلسطینی ایوان صدر کے مطابق اسماعیل ھنیہ کی طرف سے بھیجا مکتوب تحریک فتح کے سیکرٹری جبریل الرجوب نے صدر عباس تک پہنچایا۔بیان میں کہا گیا کہ صدر عباس نے اسماعیل ھنیہ کے اس مکتوب کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے حماس کی طرف سے قومی مفاہمت، فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کے قیام کی خواہشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فلسطینی اتھارٹی جلد پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کا اعلان کرے گی۔اسماعیل ھنیہ کے مکتوب کے بعد صدر عباس نے الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا ناصر کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کرنے اور الیکشن کے لیے فرمان جاری کرنے پربھی غور شروع کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی اتھارٹی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنے وعدے پرقائم ہے۔ صدرعباس نے فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے لیے مصر، قطر، ترکی، روس اور اردن کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا اور ان ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں