اسد عمر

فضل الرحمان ، آصف زرداری اور مریم نواز ملک کے عظیم تر مفاد میں شہباز شریف کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ‘ اسد عمر

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ واضح نظر آرہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور مریم نواز ملک کے عظیم تر مفاد میں شہباز شریف کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ، اب فیصلہ شہباز شریف نے کرنا ہے وہ قربان ہونے کے لئے تیار ہیں اور اکیلے قربان ہوں گے یا سب کو ساتھ لے کر جائیں گے،اب وقت آ گیا ہے کہ کہیں نہ کہیں لائن کھینچنا پڑے گی ، جس طرح اعلیٰ عدلیہ پارلیمان کی کسی تقریر پر نوٹس نہیں لے سکتی بالکل اسی طرح اعلیٰ عدلیہ کے کسی بھی معزز جج کے بارے میں پارلیمان میں بحث نہیں ہو سکتی ۔ پارٹی کے مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اعلانیہ بغاوت کی گئی ہے اورآئین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں ، یہ نہیں ہو سکتا آئین کی ایک شق کی خلاف ورزی ہو جائے اور پھر یہ سلسلہ رک جائے ۔

حکومت کی طرف سے آئین سے اعلان بغاوت کیا گیا ہے ، اب آئین خطرے میں نہیں رہا بلکہ آئین سے انحراف ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے تمام جماعتوںسے پوچھا تھا کہ کیا آپ انتخابات کے حوالے سے کسی ایک تاریخ پر فیصلہ کرنے پر تیار ہیں ،تحریک انصاف نے عدالت میں اپنے وکیل کے ذریعے جواب دیا تھا کہ ہم اس کے لئے تیار ہیں اور ہماری طرف سے تین رکنی کمیٹی کا اعلان کیا جا چکا ہے اگر حکومت آئین سے انحراف پر بضد رہتی ہے تو یقینی طور پر سپریم کورٹ آئین پر عملدرآمد کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ آئین صرف سپریم کورٹ کے لئے نہیں بنا ہوا ،آئین میں جتنے بھی حقوق ہیں ان سے انحراف ہو ر اہے ،آئین کو توڑا جارہا ہے ،ہر پاکستان کے شہر ی کے حق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، آئین کا دفاع صرف سپریم کورٹ کا حق نہیں ہر شہری کی ذمہ داری ہے ، پاکستان کے عوام اپنے آئینی حقوق کے لئے دفاع کے لئے باہر بھی نکلیں گے اور اپنے آئین کا دفاع کر کے بھی دکھائیں گے۔اسد عمر نے کہا کہ اس وقت واضح نظر آرہاہے کہ آصف زرداری ،مولانا فضل الرحمان اورمریم نواز ملک کے عظیم تر مفاد میں شہباز شریف کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، اب شہباز شریف نے فیصلہ کرنا ہے وہ قربان ہونے کے لئے تیار ہیں اکیلے قربان ہوں گے یا سب کو ساتھ لے کر جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں