شیری رحمان

عمران کے الزامات ،نئی نسل کیلئے سب کو سیاسی ضابطہ اخلاق بنانے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ عمران خان روز ٹی وی پر آکر الزامات کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں ، نئی نسل کیلئے سب کو سیاسی ضابطہ اخلاق بنانے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ نوجوانوں کو اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان روز ٹی وی پر آکر دوسروں پر الزامات کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ نئی نسل کیلئے سب کو سیاسی ضابطہ اخلاق بنانے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ الزام تراشی اور گالم گلوچ سے ملک پہلے ہی بدترین تقسیم کا شکار ہو چکا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ امریکی لابنگ فرم سے معاہدہ کے بعد اب عمران خان ”بیرونی سازش”سے مکمل یو ٹرن لے چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اب کبھی سیاسی مخالفین تو کبھی اسٹیبلشمنٹ پر الزام لگا رہے ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ اگر بیرونی سازش تھی تو موقف سے پیچھے کیوں ہٹ رہے؟ ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو عمران خان سے اس موقف میں تبدیلی پر سوال کرنا چاہیے ،دراصل بیرونی سازش کے بیانیے کے پیچھے ملکی مفادات کے خلاف ایک سازش تھی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آڈیو لیکس کے بعد وہ سازش اور ”سائفر پر کھیلنے”کی منصوبہ بندی ناکام ہو گئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ متعلقہ رہنے کیلئے اب الزام تراشی کر رہے، نیا بیانیہ بنانے کے بجائے عمران خان کو جھوٹے بیرونی سازش کے بیانیے پر معافی مانگنی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں