احسن اقبال

عمران نیازی نے آئین پر ایک اور بدترین حملہ کیا ، ملک کو انتظامی انتشار کے بعد آئینی انارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے،احسن اقبال

نارووال(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے آئین پر ایک اور بدترین حملہ کیا ہے، ملک کو انتظامی انتشار کے بعد آئینی انارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے،صدارتی آرڈیننس جاری کرنا سپریم کورٹ کی توہین ہے،ملک میں ہر شعبے کو تباہ کر دیا گیاہے ،آئین رہا نہ قانون ،(ن) لیگ کے ہوتے کوئی آئین کیساتھ کھلواڑ نہیں کر سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی حکومت نے آئین پر ایک اور بدترین حملہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو انتظامی انتشار کے بعد آئینی انارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، سینٹ اوپن الیکشن کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس پاکستان کے آئین اور سپریم کورٹ کی آزادی پر حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس غیر آئینی اقدام کو درست قرار دیا گیا توکل کو ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے 18ویں ترمیم کو بھی رول بیک کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 58ٹو بی کے بحال کرنے کا بھی آرڈیننس جاری ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے جب کو ئی کیس سپریم کورٹ میں ہو نہ اس پر بیان بازی نہ اس کا سٹیٹس کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے سپریم کورٹ ریفرنس بھیجا ہوا تھاتوآرڈیننس کے ذریعے اس صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش سپریم کو رٹ کو ڈکٹیشن دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سپریم کورٹ کی توہین ہے،سپریم کورٹ کو حکومتی آرڈینس واپس کر دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شعبے کو تباہ کر دیا گیا ملک میں نہ آئین اورنہ ہی قانون رہا، ملک میں صرف عمران نیازی کی انا اور نفرت کا راج ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بھی کہ چکی ہے کہ ملک کو منصوبہ بندی سے برباد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کا مقصد عمران نیازی کے دوستوں کو نوازنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کو فرینڈز آف عمران خان کونوازنے کیلئے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت، سیاست اور سفارت سب تباہ وبرباد کر دی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر جلسہ میں بھی عمران نیازی نے سیاست چمکانے کی کوشش کی،عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا یا سرانڈر کیا قومی جرم کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین پرجھوٹے مقدمے بنائے گئے گرفتاریاں کی گئیں پرواہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہوتے ہوئے کوئی آئین کے ساتھ کھلواڑ نہیں کر سکتا،اگر پاکستان میں آئین پاکستان کو میلی نگاہ سے دیکھا تو مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اس جنگ کو پاکستان کے چپے چپے پر لڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں