عمران خان

عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

ڈیووس(عکس آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نگورنو کاراباخ تنازعے پر پاکستان آذربائیجان کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم انداز میں خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی حکومت نے 5 اگست کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کیا، اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے، غیر انسانی لاک ڈاون بھی کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائن پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ملاقات کی جس میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ملاقات کے دوران صدر الہام علیوف نے وزیر اعظم پاکستان کو دورہ آذربائیجان کی دعوت بھی دی، جب کہ وزیر اعظم نے کہا کہ نگورنو کاراباخ تنازعے پر پاکستان آذربائیجان کی حمایت جاری رکھے گا، صدر آذربائیجان نے اس تنازعے پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے الہام علیوف کو ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے بتایا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم انداز میں خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی حکومت نے 5 اگست کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کیا، جس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے، غیر انسانی لاک ڈان بھی کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعظم نے کشمیر پر بہ حیثیت ممبر او آئی سی رابطہ گروپ آذربائیجان کو اس کی گراں قدر خدمات پر سراہا۔ دریں اثنا ڈیووس میں اکنامک فورم کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ سے بھی ملاقات کی، جس میں شاہ محمود قریشی، عبد الحفیظ شیخ، رزاق داد بھی شریک ہوئے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں