مریم نواز

عظمت سعید کے لیے بہتر ہے کہ وہ خود کو کمیشن سے الگ کرلیں، مریم نواز

لاہور(عکس آن لائن) مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس (ر)عظمت سعید کے لیے بہتر ہوگا وہ خود کو براڈ شیٹ کی تحقیقاتی کمیشن سے الگ کرلیں،براڈشیٹ معاہدے کے وقت عظمت سعید نیب کے عہدے پر تھے، جو براڈ شیٹ میں شامل رہا ہے کیا وہ اپنے خلاف تحقیقات کرے گا، حکومت نے ملک کوبدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،

کھوکھر برادران کو (ن)لیگ کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے، عمران خان خود کھوکھر پیلس کے خلاف آپریشن کو مانیٹر کرتے رہے، ، قبضہ مافیا تو خود حکومت ہے، الیکشن میں ڈاکا ڈالنے والوں سے بڑا قبضہ مافیا کون ہے؟، حکومت کی کرپشن کے اسکینڈل سامنے آ رہے ہیں، ایک دن تو آئے گا جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا۔ بدھ کو نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز نے لاہور میں کھوکھر برادران کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کی اگر کوئی لسٹ جاری ہوتی ہے تو اس میں تو موجودہ حکومت خود سب سے بڑی قبضہ مافیاہے اور ان کے اے ٹی ایم ہیں، وہ لوگ ہیں جن کو تاریخی چوری کے باوجود این آر او دیئے گئے ہیں، اگر صحیح معنوں میں قبضہ مافیا کا مطلب جاننا ہے تو جو 2018کے الیکشن میں عوام کا ووٹ ڈاکہ کر کے وزیراعظم ہاﺅس میں قبضہ کر کے بیٹھ گئے ہیں ان سے بڑا قبضہ مافیا کون ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاﺅس میں قبضے کے بعد ملک نیچے کی طرف جا رہا ہے، چینی، آٹے کا بحران اور گورننس بری ہوتی جا رہی ہے جبکہ آئے روز کرپشن کے سکینڈلز سامنے آرہے ہیں ، تاریخ میں اتنے بڑے بڑے کرپشن سکینڈلز کبھی نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو دباﺅمیں لا کر یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو استعمال کر کے کچھ نہیں ہو گا اور ایک دن آئے گا جب سب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کرنے آئی ہوں، عدالت کے فیصلے کو حکومت نے روندا ہے جبکہ کھوکھر برادران کے خلاف آپریشن وزیراعظم عمران خان خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نون لیگی ارکان کو دباﺅ میں لانا ہے جبکہ کیسز کے باوجود مسلم لیگ متحد ہے اور نواز شریف کے بیانیہ پر لبیک کہا ہے اور اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے سے انکار کر دیا ہے، یہ حکومت کی تاریخی ناکامی ہے کہ وہ نون لیگی ارکان کی وفاداریاں تبدیل نہیں کر سکتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نون لیگ کی عوام میں جڑیں ہیں اور تحریک انصاف میں کوئی ایسی بات نہیں ہے اور وہ خود بکھر جائیں گے، تحریک انصاف اپنی فکر کریں جو ان کے ساتھ ہونے والا ہے، ہم تو چار سال سے ظلم برداشت کرتے آرہے ہیں، اب تحریک انصاف کی باری ہے جبکہ اگر میرے کسی بھی پارٹی رکن کے ساتھ زیادتی ہو گی تو چپ نہیں رہوں گی۔ مریم نواز نے صحافی کے سوال پر کہا کہ پی ڈی ایم 10 جماعتیں ہیں جن سب کا الگ نظریہ ہے لیکن ہم سب مل کر مشاورت کرتے ہیں اور افہام وتفہیم کر کے فیصلے کئے جاتے ہیں، براڈ شیٹ کا نام فراڈ شیٹ ہے اور یہ جال نیا نہیں ہے بہت پرانا ہے اور اس جال میں بہت بڑے بڑے سوراخ ہو چکے ہیں اور یہ جال جس پر ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے اس پر ہی پڑ جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کو کون نہیں جانتا ہے کہ انہوں نے کتنی نیک نامی کمائی جب انہوں نے ذاتی اثر رسوخ اور سیٹنگ جج ہوتے ہوئے، جے آئی ٹی بنوائی، واٹس ایپ کالز کی اور آج تک بدنام زمانہ جے آئی ٹی واٹس ایپ کالز کے نام سے جانا جاتا ہے اور ان کے بانیوں میں جانا جاتا ہے ، عظمت سعید نے ذاتی طور پر جے آئی ٹی کے ممبران کےلئے فون کیس اور اپنے پسند کے لوگوں کے نام اداروں سے جے آئی ٹی کے شامل کروائے، انہوں نے منتخب حکومت اور منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کی تھی، اس کا بہت بڑا حصہ تھا، کرتا دھرتا تھا جبکہ جب براڈ شیٹ آئی اس وقت نیب کے پراسیکیوٹر تھے قوم کا اربوں روپے ضائع کرنے کی بنیاد ڈالنے والے تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش ان کے اپنے اوپر پڑ گئی جبکہ اب تو انہوں نے بہت سے سوالات کے جوابات دینے ہیں، بڑے بڑے سرکاری افسر ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر کمیشن مانگ رہے تھے اور قوم کے کروڑوں روپے ایک جھوٹ پر جھونک دیئے گئے۔ نائب صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ وزیراعظم کو جواب دینا ہو گا کیونکہ وزیراعظم آفس میں بیٹھ کر وہ سب سے میٹنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید خود براڈ شیٹ میں ملوث ہیں، انہیں عزت کے ساتھ خود ہی اس سے دستبردار ہو جائیں، ایسا نہ ہو کہ جو چیزیں ہم پہلے کسی وجہ سے سامنے نہ لا سکے کہ انہوں نے کس طرح ذاتی اثر رسوخ استعمال کر کے جے آئی ٹی کےلئے ناموں میں دباﺅ ڈالا اور منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کا حصہ بنے، اب ہمیں قوم کے سامنے مزید حقائق لانا پڑیں گے اور بہتر ہے کہ شیخ عظمت سعید خود سے علیحدہ ہو جائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول زرداری کی عدم اعتماد کی تجویز ٹی وی پر سنی ہے، ابھی پی ڈی ایم اجلاس میں آئیں گے تو ان کا موقف سنیں گے، اگر ان کے پاس نمبرز پورے ہیں تو بتائیں اس پر پی ڈی ایم جماعتیں غور ضرور کرے گی۔ مریم نواز نے آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور زرداری کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کہا کہ ابھی تک کنفرم نہیں کر سکتی لیکن بختاور زرداری کو زندگی میں نئے موڑ کی مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعائیں ہیں کہ ان کی زندگی کامیاب اور خوشگوار ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں