وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

عدالت کا رانا ثنا کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست پر اعتراض

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن لائرز ونگ کی لیگل ٹیم نے سینئر سول جج کی عدالت میں رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ فوجداری سیکشن 76 کے تحت عدالت تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم جاری کر سکتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن ٹیم نے غلط بیانی سے حاصل کیے۔

رانا ثنا اللہ وفاقی وزیر داخلہ اور اسلام آباد میں ہیں، کہیں روپوش نہیں، لہذا وارنٹ گرفتاری آرڈر واپس لے کر تفتیشی افسر کو ضمانتی مچلکے وصول کرنے کا حکم دیا جائے۔سینئر سول جج نے مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم رانا ثنا اللہ کا وکالت نامہ پیش کیا جائے۔ بعد ازاں لیگل ٹیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا وکالت نامہ حاصل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں