استنبول(عکس آن لائن)ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اتوار کو کہا ہے کہ انہیں جرمنی میں ہونیوالی بین الاقوامی امن کانفرنس میں لیبیا کی کمزور جنگ بندی معاہدے کو مضبوط بنانے کے لئے ایک ’’اہم قدم‘‘ کی امید ہے ۔ اردوان نے کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے روانگی سے قبل استنبول کے ہوائی اڈے پر صحافیوں کو بتایا کہ ہم برلن سربراہی اجلاس کو جنگ بندی کو مضبوط کرنے اور ایک سیاسی حل کی جانب راستے میں ایک اہم قدم سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ جنوری میں ہونیوالی جنگ بندی کے بعد امن کوششوں کے عمل کو ’’خون اور انتشار کے سوداگروں کی خواہشات پر قربان نہیں کیا جانا چاہیے ‘‘۔ لیبا کے مرد آہن خلیفہ ہفتار نے اپریل کے اواخر میں طرابلس پر آپریشن شروع کیا تھا جو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قومی یکجہتی حکومت کی نشست ہے ۔ کئی ماہ تک کی لڑائی کے بعد جس میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ، 12جنوری کو ترکی اور روس جس پر ہفتار کی مدد کرنے کا الزام ہے ، کی حمایت سے جنگ بندی ہوئی۔ انقرہ فیض السراج کی قیادت میں طرابلس حکومت کی شدید حمایت کرتا ہے اور جی این اے کے ساتھ فوجی اور میری ٹائم معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد لیبا میں فوج بھیجی ہے۔