شیری رحمان

عارف علوی کا بیان عمران خان کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ عارف علوی کا بیان عمران خان کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو ان کے بیان کی وضاحت دینی چاہیے، عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے، ان کے صدر کہہ رہے کہ سابق آرمی چیف نے ہی ان کو سینیٹ اور عام انتخابات میں مدد کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے دن ہی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا یہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں،

تاخیر سے ہی صحیح لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کر دیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ایک طرف اسٹیبلشمنٹ پر الزام تراشی اور دوسری طرف ان کو سیاسی اور انتظامی کردار ادا کرنے کا کہہ رہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ اداروں کو کہہ رہے کہ ماورا آئین کردار ادا کریں اور مجھے اقتدار میں لائیں، عمران خان کو بے ساکھیوں پر سیاست کرنے کی عادت پڑ چکی ہے،ان کو چاہئے کہ وہ اداروں کو اپنے سیاسی بیانیہ کا حصہ بنانے سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں