اسلام آ باد (نمائندہ عکس) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ عارف علوی صدر مملکت کی بجائے عمران خان کے کٹھ پتلی بن گئے ہیں۔ نیر بخاری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عمران خان میگا اسیکنڈلز کے احتساب اور حساب سے خوفزدہ ہوکر اداروں کو متنازعہ بنانے کی ناکام کوشش میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت انتخابی اصلاحات کے بعد آزادانہ صاف اور شفاف انتخابات کرانے گی، الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے وکیل کا فارن فنڈنگ گڑ بڑ تسلیم کرنا اعتراف جرم ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی وکیل نے الیکشن کمیشن کے سامنے عمران خان کے با خبر ہونے کی گواہی دیکر ٹھوس ثبوت فراہم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ملک دشمن ممالک کے شہریوں سے فنڈنگ لینے والا پارٹی سربراہ غداری کے زمرے میں آتا ہے، پی ٹی آئی دور میں 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی عناصر کے خلاف آئین اور قانون کے تحت فیصلہ کن کارروائی ہوگی۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ آئینی ہتھیار کے ذریعے نکالے گئے آئین شکن عناصر کیساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے، الیکشن کمیشن نے قانون اور قوائد کے تحت پی ٹی آئی منحرف اراکین کے خلاف ریفرینس مسترد کیا ہے۔