ہمایوں اخترخان

ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار لانے کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کوئی اپوزیشن جماعت اکیلے عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی’ ہمایوں اختر

اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ ترسیلات زر ،یورپ سمیت دیگر ممالک کو برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کا سرپلس ہونامعیشت کی بہتری کے اشاریے ہیں ،اپوزیشن جب تک اپنی آنکھوں سے وزیر اعظم عمران خان سے بغض کی پٹی نہیں اتارے گی اسے پاکستان میں ہونے والی مثبت تبدیلیاں نظرنہیں آئیں گی ،اپوزیشن جماعتوں کا ضمنی انتخابات میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مشترکہ امیدوار لانے کے مجوزہ فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کوئی بھی اپوزیشن جماعت تنہا عمران خان اورتحریک انصاف کا مقابلہ نہیںکرسکتی۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکومت میں آنے سے پہلے سعودی عرب،متحدہ عرب امارات اوردیگرممالک پاکستان کے ساتھ بات نہیں کر رہے تھے،امریکہ سے2015ء سے معاملات ٹھیک نہیں تھے لیکن آج کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے تمام ممالک کے ہمارے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں بلکہ پاکستان کی مالی معاونت بھی کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی بہتری کیلئے بنیادی ڈھانچے پر توجہ دی جس کے مثبت نتائج برآمدہو رہے ہیں ،کوروناوباء کے باوجود پاکستان کی برآمدات بڑھی ہیں ،ترسیلا ت زرمیں اضافہ ہوا ہے ، پاکستانی روپیہ مستحکم ہے اورکرنٹ اکائونٹ خسارہ سر پلس ہو گیا ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اپوزیشن نے ضمنی اور سینیٹ انتخابات کے جمہوری عمل کاحصہ بننے اور متفقہ امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے واضح ہے کہ کوئی بھی اپوزیشن جماعت اکیلے عمران خا ن اورتحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتی جو ہماری سیاسی فتح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ 2021ترقی کی رفتار مزید تیز ہونے کا سال ہے اور2023ء تک معیشت کا پہیہ اپنی پوری رفتار سے گھومے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں