رانا ثناء اللّٰہ

شہداء کی یادگاروں کی بیحرمتی کرنے والوں کو معافی نہیں ملے گی، رانا ثناء اللّٰہ

فیصل آباد (عکس آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو معافی نہیں ملے گی،

جب ہم سرمایہ کاری لارہے تھے تب دوسرے لوگ دھرنے دے رہے تھے،2018 میں بہت سی قوتوں نے ن لیگ کا راستہ روکنے کی کوشش کی، 2018 میں بھی مسیحی برادری نے بھرپور ساتھ دیا تھا،الیکشن جیت کر عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے اقدامات کریں گے۔مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 2012 میں بڑے سرمایہ کار پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں تھے، عوام نے 2013 میں ہم پر اعتماد کیا تو ہم نے اس ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم کی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان میں 2012 میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ہو رہی تھی، نواز شریف کی قیادت میں ہم نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی سے نجات دلائی۔انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ دونوں صوبائی اور قومی حلقے جیتے گی،2018 میں بہت سی قوتوں نے ن لیگ کا راستہ روکنے کی کوشش کی، 2018 میں بھی مسیحی برادری نے بھرپور ساتھ دیا تھا۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمارے دور میں پوری دنیا نے کہا تھا کہ پاکستان نے اپنے مسائل پر قابو پا لیا ہے،

ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کی منتیں کرنا پڑی، سی پیک کے ذریعے 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نواز شریف لائے، جب ہم سرمایہ کاری لارہے تھے تب دوسرے لوگ دھرنے دے رہے تھے، چین کے صدر کا دورہ ان کے دھرنے کی وجہ سے منسوخ ہوا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ 2018 میں جس شخص کو لایا گیا اس نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، امریکا کے دورے پر کہا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی نکلوادوں گا، اس شخص کے اس رویے کی وجہ سے ملک بدحال ہو گیا، اس شخص نے 9 مئی کو اداروں پر حملہ کیا اور اب لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہا ہے۔

رانا ثناء نے کہا کہ سیاسی احتجاج اور سیاسی کارکنان کی تحریکوں کی ایک حد ہوتی ہے، پی ٹی آئی بلاشبہ ایک سیاسی جماعت تھی لیکن ان کے لیڈر نے ریڈلائن کراس کروائی، احتجاج کا یہ مطلب نہیں کہ ملکی دفاعی اداروں پر چڑھ دوڑو، اداروں پر حملوں کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جاسکتا۔انہوںنے کہاکہ احتجاج کے نام پر حد سے تجاوز کرنے والوں کو معافی نہیں ملے گی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو معافی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر مل بیٹھنے کی بات کی، اس شخص نے جواب دیا تھا کہ تم لوگوں کو جیلوں میں ڈالوں گا۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، ہر کوئی کہہ رہا ہے الیکشن ن لیگ جیتے گی،اب ہم کہہ رہے ہیں کہ ملک کو بحران سے نکالیں گے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پونے 4 سال سیاسی مقدمے اور گالیاں سکھانے پر ضائع کیے،

پی ٹی آئی حکومت ملک میں سماجی، اخلاقی اور سیاسی بحران لائی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے عام آدمی کا گزارہ مشکل ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن جیت کر عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے اقدامات کریں گے، الیکشن جیت کر ملک کی پھر سے خدمت کریں گے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ تمام مسیحی برادری سے کہتا ہوں کہ الیکشن میں ہمارا ساتھ دیں۔ صرف پنجاب سے نہیں پورے پاکستان سے جیتنا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں