سردار لطیف کھوسہ

شہباز شریف بجٹ اور قانون سازی پر ہم سے مشاورت کریں ،لطیف کھوسہ

حیدرآباد(عکس آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تو ہم نے بنائی تھی، پی ڈی ایم رہے گی ہم آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کنسٹرکیو اپوزیشن کرینگے، ہم عدم اعتماد کا ووٹ دینے کو تیار ہیں۔ حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر شہباز شریف کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم سے بجٹ اور قانون سازی پر مشاورت کریں اور متفقہ پالیسی کی ترجمانی کریں۔

وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے لیڈر ہیں اگر ان کی پارٹی میں ایک لیڈر پرو اسٹیبلمشنٹ ہے اور ایک اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہے یہ ان کی اپنی پالیسی ہے تو ہم کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس معاشی ٹیم نہیں ہے۔ کب تک وزیر خزانہ بدلتے رہیں گے۔؟ پانی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں پانی کے مسئلے پر احساس محرومی ہے۔ سندھ میں پانی قلت سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

این ایف سی ایوارڈ میں ٹیکسز کا پورا حصہ سندھ کو نہیں دیا جارہا ہم سمجھتے ہیں کہ صوبوں کا نقصان دراصل وفاق کا نقصان ہے۔ سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آرڈیننس کی گنجائش آئین میں ہے مگر وہ محدود ہے۔ قانون سازی پارلیمان کے ذریعے کی جائے اسی میں ملک کی ترقی ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار قصہ پارینا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں