شاہد خاقان عباسی

شاہد خاقان عباسی کا جانی خیل قبیلے کے مطالبات کی حمایت کا اعلان

اسلام آبا د(عکس آن لائن)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے جانی خیل قبیلے کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار بے گناہ نوجوانوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، واقعے کی اعلی سطحی شفاف تحقیقات کرائیں ، ملوث افراد کو سخت ترین سزا دے کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مقتولین کے ورثاء کے خلاف طاقت کا استعمال ظلم کی انتہا ہے ،حکمران کی بے حسی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں آئین، قانون اور بنیادی حقوق دفن ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 7 روز سے چار نوجوانوں کی میتوں کے ساتھ لواحقین اور جانی خیل قبیلے کے لوگ پرامن احتجاج پر بیٹھے تھے، انہیں انصاف نہ فراہم کرنا حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قانون کے مطابق انصاف مانگنے پر تشدد اور شیلنگ لاقانونیت ہے،مقتولین کے ورثاء کو انصاف نہ دینا ظلم اور بے حسی کی انتہاء ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمران ظلم کے بیج بو کر ملک کو نئی دلدل میں پھنسا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایم این اے محسن داوڑ، پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ اس ریاستی دہشت گردی کو بند کیا جائے اور لواحقین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں