سینیٹ

سینیٹ نے 4مختلف بل متفقہ طور پر منظورکرلیئے ، عالمی یوم صحت کے حوالے سے قرارداد متفقہ طو رپر منظور

اسلام آباد(عکس آن لائن)سینیٹ نے 4مختلف بل متفقہ طور پر منظورکرلیئے ،ایوان نے عالمی یوم صحت کے حوالے سے قرارداد متفقہ طو رپر منظورکرلی ،قائدحزب اختلاف سینیٹرڈاکٹر شہزادوسیم نے کہاہے کہ ملک میں جبر کا راج اور فسطائیت کا دور دورہ ہے اس طرح یہ عمران خان کی محبت رہنماﺅں اور کارکنان سے نہیں نکالی جاسکتی ،ان کی دلچسپی پلڑوں کو برابر نہیں ترازو کو پکڑنے میں ہے عمران خان کو تین بار وزیر اعظم بنائیں اور عمران خان کی طرح گولیاں کھائیں تب لیول پلینگ فیلڈ بنے گی۔جمعہ کوسینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔

قائدحزب اختلاف سینیٹرڈاکٹرشہزاد وسیم نے کہاکہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان و رہنماﺅں پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں مگر وہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں علی امین گنڈہ پور کو عدالت میں گرفتار کیا جاتا ہے انہوں نے ضمانت بھی کرا رکھی تھی مگر پولیس نے کہاکہ حکم ہے کہ آپ کو ہر حال میں گرفتار کرنا ہے یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا حسان نیازی کو بھی ضمانت کے بعد عدالت کے باہر گرفتار کرلیا جاتا ہے آج ملک میں جبر کا راج ہے اور فسطائیت کا دور دورہ ہے اس طرح یہ عمران خان کی محبت رہنماﺅں اور کارکنان سے نہیں نکال سکتے ہیں ۔

یہ ان کی غلطی ہے کہ اس طرح عمران خان کی محبت نکال سکیں گے ۔سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے عوام کے ووٹ کے حق کو محترم جانا تمام تر دباو¿ کے باوجود سپریم کورٹ کی ثابت قدمی پر قوم ان کو سلام کرتی ہے اور عوام اس فیصلے پر عمل یقینی بنائے گا ۔حکومت کا ہر قدم آئین شکنی اور توہین عدالت کے مترادف ہے ۔ ادھوری اسمبلی میں قرارداد لاکر عدالیہ پر حملہ کیا گیا کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کریں گے ۔372کے ایوان میں 42ارکان کی قرارداد ہے یہ بھی اقلیتی ہے ۔

سپریم کورٹ کودھمکی دی جارہی ہے کہ ہم ریفرنس بنائیں گے ۔ان کی دلچسپی پلڑوں کو برابر نہیں ترازو کو پکڑنے میں ہے عمران خان کو تین بار وزیر اعظم بنائیں اور عمران خان کی طرح گولیاں کھائیں تب لیول پلینگ فیلڈ بنے گی ۔ایوان میں 5 قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹیں پیش کی گئیں اس کے ساتھ 4بل بھی سینیٹ نے منظور کئے ۔وزیر تعلیم رانا تنویر نے دی نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان بل 2023ایوان میں پیش کیا بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔

وزیر مملکت برائے قانون انصاف شہادت اعوان نے اشاعت قرآن پاک(پرنٹنگ اور ریکارڈنگ کی غلطیوں کا خاتمہ)ترمیمی بل2022ایوان میں پیش کیا بل کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا ۔وزیر مملکت برائے قانون وانصاف شہادت اعوان نے وفاقی ملازمین بینولینٹ فنڈ اور گروپ انشورنس ترمیمی بل 2022ایوان میں پیش کیابل کو متفقہ طور پر منظور کرلی گیا۔وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے پیر روشان انسٹیٹیوٹ آف پروگریسوسائنسز قینڈ ٹیکنالوجیز میران شاہ بل 2023ایوان میں پیش کیا بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ورلڈ ہیلتھ ڈے کے حوالے سے ایوان میں سینیٹر ثانیہ نشتر نے قرارداد پیش کیا قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی

اپنا تبصرہ بھیجیں