کراچی(عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں پہلے بھی منصفانہ چلایا، اب بھی سب کو ساتھ لے کر چلوں گا،پریزائڈنگ آفیسر نے رزلٹ پر رولنگ دے دی تو میرا بات کرنانہیں بنتا، اگر میں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا وعدہ کیا ہوتا تو ضرورپورا کرتا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بدھ کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے ہمارہ بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزار پر حاضری دی۔چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزار قائد پرفاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی کی دعائیں مانگی، بعد ازاں دونوں شخصیات نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ جب پہلی بار2018 میں چیئرمین سینیٹ بنا اس وقت بھی مزار قائد پر حاضری دی تھی قوم کو اس عظیم لیڈر سے متعلق بتانا ہے کہ یہ وہ شخصیت تھیں جن کی وجہ سے پاکستان بنا۔انہوں نے کہا کہ میں ہائوس کے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے منتخب کیا۔ جس سہل انداز میں ایوان بالا کو چلایا، ویسے ہی چلائوں گا اور ایوان میں موجود تمام جماعتوں کوبرابری کی بنیاد پرسب کو ساتھ لیکر چلوں گا۔
سینیٹ میں پہلے بھی منصفانہ چلایا، اب بھی میری کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ایک سوال کے جواب پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پریزائڈنگ آفیسر نے رزلٹ پر رولنگ دے دی تو میرا بات کرنا بنتا نہیں، اپوزیشن کو اعتراض ہے تو عدالت جائے۔انہوں نے کہاکہ اگر میں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا وعدہ کیا ہوتا تو وہ ضرورپورا کرتا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے کہاکہ آزاد حیثیت میں سینیٹر بنا تھا اب پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرچکا ہوں، یہ بات طے ہے کہ ایوان کی کارروائی کسی بھی جگہ چیلنج نہیں ہوسکتی۔