نیئر بخاری

سینیٹ الیکشن شیڈول میں تبدیلی ،پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول میں تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو تاریخ میں توسیع دینے سے انکار کے ایک دن بعد توسیع کا فیصلہ کس کے دبائو میں آکر کیا گیا ؟، الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت کیلئے سہولت کار بننے کیلئے کردار ادا کیا ہے،اقدامات سینیٹ انتخابات کو متنازعہ بنا رہے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ الیکشن شیڈول میں تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سوالات اٹھاتے ہوئے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نیئر حسین بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ شکوک شبہات کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کو تاریخ میں توسیع کیلئے خط لکھالیکن الیکشن کمیشن نے تاریخ میں توسیع دینے سے انکار کردیا لیکن ایک روز بعد ہی تاریخ میں توسیع کردی گئی ۔نیئر بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ پیپلزپارٹی کو اگر انکار کیا گیا تو پھر کس کے دبائو میں آکر تاریخ میں توسیع کی گئی؟۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف امیدواران کے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں کر سکی، اس لئے الیکشن کمیشن نے شیڈول میں تبدیلی کر کے حکمران جماعت کیلئے سہولت کار بننے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس قسم کے اقدامات سے سینیٹ انتخابات کو متنازعہ بنا رہی ہے۔نیئر بخاری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار اور وضاحت کا مطالبہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں