بل منظور

سینٹ ،اپوزیشن کے شدید احتجاج اور شرابہ کے باوجود سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 ،وکلاء فلاح و تحفظ اور انٹر بورڈز کوآرڈینیشن بل منظور

اسلام آباد (عکس آن لائن) قومی اسمبلی کے بعد سینٹ نے اپوزیشن کے شدید احتجاج اور شرابہ کے باوجود سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 ،وکلاء فلاح و تحفظ اور انٹر بورڈز کوآرڈینیشن بل منظور کرلئے ،سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے حق میں 60اور مخالفت میں 19ووٹ آئے ،اپوزیشن نشستوں پر موجود فاٹا اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے و الے سینیٹرز نے بھی بل کی حمایت میں ووٹ دیا، اس دور ان اپوزیشن اراکین نے چیئر مین سینٹ کے ڈائل کا گھیرائو کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں ،چیئر مین کے منع کر نے کے باوجود اراکین عدلیہ پر حملہ نامنظور ، الیکشن کرائو ملک بچائو کے نعرے لگاتے رہے ، سینیٹ سکیورٹی کو حکومتی اور اپوزیشن بینچز کے درمیان حصار بنانا پڑا جبکہ اپوزیشن نے کہا ہے کہ یہ مفادات کا بل ہے،اس پر اصلاحات کا کور چڑھا کر خوش نما بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،سپریم کورٹ کے رولز بنانا بالواسطہ حملہ ہے،ایسے قانون پاس کرینگے تو 15 دن میں کالعدم ہوجائیگا۔

جمعرات کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک جمع کرائی۔سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی اپوزیشن کی تحریک مستردکردی گئی اور بل فوری طور پر منظور کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی ۔ اس دور ان اپوزیشن ارکان کی جانب سے سینیٹ میں شدید احتجاج کیا گیا، اپوزیشن کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیرائو کرتے ہوئے عدلیہ پر حملہ نامنظور ، الیکشن کرائو ملک بچائو کے کے نعرے لگائے اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں ۔اس دوران سینیٹ سکیورٹی نے حکومتی اور اپوزیشن بینچز کے درمیان حصار بنالیا جس کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔

بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، بل کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ آئے۔اپوزیشن نشستوں پر موجود فاٹا اور بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے و الے سینیٹرز نے بھی بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔ بل کے تحت چیف جسٹس کا ازخود نوٹس کا اختیار محدود ہوگا، بینچوں کی تشکیل اور از خود نوٹس کا فیصلہ ایک کمیٹی کرے گی جس میں چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججز ہوں گے، نئی قانون سازی کے تحت نواز شریف، کو از خود نوٹس پر ملی سزا پر اپیل کا حق مل گیا، یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین اور دیگر فریق بھی فیصلوں کو چیلنج کرسکیں گے۔اجلاس کے دور ان اعظم نذیر تارڑ نے بل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پارلیمان آئین کے آرٹیکل 191 کے تحت قانون سازی کر سکتی ہے اور قانون سازی کو ریگولیٹ کرسکتی ہے، آئین کے ساتھ ساتھ اس قانون کے ذریعے سپریم کورٹ کے رولز آف پروسیجر کے حوالے سے یہ بل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ 191 کے تحت رولز بنائے جو 1980 میں بنائے گئے اور مختلف ادوار سے گزرے، گزشتہ دو دہائیوں سے سپریم کورٹ میں بالخصوص ایک نیا رجحان دیکھا کہ عدالت اتفاق رائے سے چلانے کے بجائے فرد واحد کے تحت آزاد ہوگئی۔انہوںنے کہاکہ ایسے چیف جسٹس بھی آئے جنہوں نے سپریم کورٹ کے بنیادی حدود کو ایسے استعمال کیا کہ پورے پاکستان کے مختلف گوشوں سے اسٹیک ہولڈرز کے حوالے سے چاہے وہ بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز ، پارلیمان، سول سوسائٹی، کاروباری طبقہ ہو یا سرکاری ملازمین سب کی طرف سے آوازیں اٹھیں کہ آئین میں ایک ترکیب دی گئی ہے کہ قانون سازی کا کام مقننہ ہے اور عدالتی امور فیصلے دے گی اور ملک چلانے کے لیے مشینری انتظامیہ کے تابع ہوگی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین کہتا ہے آپ ایک دوسرے کی حدود میں غیرضروری مداخلت نہ کریں، پچھلے 15 یا 20 سال ایک نظر سے دیکھیں جب آئین کے آرٹیکل 184 تھری کا بے دریغ استعمال ہوا، بات بات کر انتظامیہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے ایسے مقدمات پر ازخود نوٹس لیا گیا کہ لوگوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبالیں کہ آیا یہ آئینی اختیار ہی استعمال ہو رہا ہے، گلیوں کی صفائی سے لے کر ہسپتال کی بیڈ شیٹس تک، جیلوں میں پکنے والے کھانوں سے لے کر اسکول جانے والے بچوں کے یونیفارم اور اساتذہ کی تعیناتیوں تک تمام معاملات تھے اس کے علاوہ اور کہانیاں بھی ہے، اربوں روپے سے بنایا گیا ہسپتال پی کے ایل آئی ایک چیف جسٹس کی ذاتی انا کی بھینٹ چڑھا اور اب تک بحال نہ ہوسکتا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بارز نے بارہا مطالبہ کیا اور اس ایوان سے بھی ایک سے زائد دفعہ آوازیں اٹھیں کہ آئین کے آرٹیکل 106 کی حد اسٹرکچر کیا جائے اور اس میں اجتماعی سوچ نظر آنی چاہیے نہ کہ وہ کسی فرد واحد کا اختیار ہو کہ وہ کب از خود نوٹس لے یا کون سا کیس 184 تھری کے دائرہ کار میں آتا ہے یا نہیں آیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات بار ایسوسی ایشنز سے نکل کر عدل کے ایوانوں میں بھی گئی، وہاں سے اختلاف اس وقت بھی ہوا اور اس کے بعد بھی ہوا، از خود نوٹس کیسز نے ملک کو اربوں ڈالرز کے نقصانات بھی پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں بھی کہا گیا کہ قانون سازی کا اگر آپ کو اختیار ہے تو آپ یہ معاملہ حل کیوں نہیں کرتے، وزارت قانون و انصاف کافی عرصے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کافی عرصے کام کر رہی تھی۔

انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی میں جو بل متعارف کروایا گیا وہاں اسمبلی نے اس پر بحث کی اور آرا آنے کے بعد اس پر دو ترامیم بھی لی گئیں اور کل اس کو منظور کرلیا گیا۔اعظم نذیر تارڑ نے بل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بینچوں کی تشکیل پر سپریم کورٹ کے اندر سے آوازیں آئیں اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تجویز کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام 17 جج برابر ہیں اور ادارے کو چلانے کے لیے اجتماعی سوچ ہی بنیاد رکھتی ہے اور اجتماعی سوچ ہی اداروں کو آگے لے کر چلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو پھر شخصیت مضبوط کرنے کے بجائے ادارہ مضبوط کریں تاکہ ادارہ ڈیلیور کرسکے اور قومی اسمبلی میں بحث کے بعد یہ بل منظور ہوا ہے۔

اس بل کے سیکشن دو کے تحت بینچز کی تشکیل اور مقدمات کی تقسیم کا اختیار تین جج استعمال کریں گے، جن میں چیف جسٹس، سینیارٹی میں دوسرے نمبر اور تیسرے نمبر پر موجود جج اس میں شامل ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ کمیٹی بینچز اور مقدمات کی تشکیل اور تقسیم کے فرائض انجام دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں تلخ تجربات کیے کہ بیسویں مقدمات کے بارے میں یہ فیصلہ کہ آج لگنا ہے یا کل لگنا ہے یا عوام کی دلچسپی کا ہے اور اس طرح کے معاملات حل ہوجائیں گے۔وزیر قانون نے کہا کہ بہت اہم قومی مقدمات ایک ایسے بینچ کے سامنے رکھا گیا جس میں 3 یا 5 جج صاحبان تھے حالانکہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ فل کورٹ اس مقدمے کو سنے۔انہوں نے کہا کہ فل کورٹ رولز بناسکتی ہے لیکن شومئی قسمت کہیں کہ آخری فل کورٹ 2019 میں ہوئی، لوگوں کو انصاف فراہم کرنے والے اس ادارے میں جس کو رول ماڈل ہونا چاہیے، وہاں بھی مشاورت نہیں ہے اور اتفاق رائے نہیں ہے۔گانہوںنے کہاکہ تجویز کیا گیا ہے کہ جب 184 تھری کے تحت بنیادی دائرہ اختیار میں درخواست دائر کی جاتی ہے یا سپریم کورٹ کسی معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہتا ہے تو پھر یہی تین سینئر ججوں کی کمیٹی جائزہ لے اور بینچ تشکیل دے اور تینوں جج اس بینچ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی تشریح درکار ہو تو کم ازکم 5 جج صاحبان کا بینچ ہوگا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین کا 10 اے 18 ویں ترمیم کے ذریعے متعارف کروایا گیا اور یہ اس وقت کی پارلیمان کے حوالے سے سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، یہ شق شفاف ٹرائل یقینی بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بینچ نے فیصلہ دیا کہ دین اور شریعت کہتی ہے کہ آپ کے خلاف کوئی فیصلہ ہوتو اس کے خلاف اپیل کریں۔انہوںنے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 184 تھری کے تحت سپریم کورٹ آخری عدالت ہے، جو مقدمہ نہ سول کورٹ جاتا ہے،

نہ ضلعی عدالت میں جاتا ہے اور نہ عدالت عالیہ میں جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو فریق کے درمیان کوئی معاملہ تصفیہ طلب ہے تو اس کو عوامی مفاد میں لا کر لوگوں کے ذاتی حقوق اور جائیدادوں کے حوالے سے کراچی میں ایک عمارت گرا دو اور اسلام آباد میں دو ٹاور بڑے قیمتی ہیں اس سے نہیں گراؤ تو یہ انصاف کا معیار نہیں ہونا چاہیے۔وزیرقانون نے کہا کہ اس طرح کی ناانصافیاں ختم کرنے کے لیے پارلیمان نے بارز اور وکلا کے مطالبے تھے اور ان ترامیم کے حوالے سے وکلا متفق ہیں جبکہ وہاں بھی اختلاف ہوتا ہے لیکن ان ترامیم کو دونوں طرف سے پذیرائی ملی ہے۔وزیر قانو ن نے کہاکہ اپیل کا حق دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہی کمیٹی بینچ بنائے گی جو لارجر ہوگا اور جو ناانصافیاں کی گئی ہیں اس کے لیے ایک موقع دیا گیا ہے اور جب یہ قانون بنے تو اس کے 30 دن کے اندر اپیل دائر کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں وکیل کے انتخاب کا حق دیا گیا اور اپیل کا حق 188 کے تحت فراہم کیا گیا ہے، جو نظرثانی کی اپیل میں سپریم کورٹ رولز کے ذریعے قدغن ڈالی گئی کہ جس وکیل نے اپ کا مرکزی مقدمہ لڑا ہے وہی اپیل دائر کریں گے اور وہی کیس لڑیں گے تو اس پر قانون سازی کی گئی، جو دیرینہ مطالبہ تھا۔وزیرقانون نے کہا کہ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں درخواست دائر کرتیہیں تو اس کے ساتھ فوری سماعت کی درخواست لگاتے ہیں جو اسی دن یا اگلے دن مقرر کردیا جاتا لیکن سپریم کورٹ رولز میں اس پر کوئی موقع نہیں دیا گیا اور خلا موجود تھا۔انہوںنے کہاکہ ہم قانون کے تحت انہیں پابند کر رہے ہیں کہ فوری سماعت کے معاملات 14 روز سے آگے نہیں جائیں گے اور دو ہفتوں میں مقرر کرنا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ اس بل کے اغراض و مقاصد ہیں، نیک نیتی اور عوام کے بھلے کے لیے، 22 کروڑ لوگوں کے فائدے کے لیے اور پاکستان کی عدلیہ کے سب سے بڑے ادارے میں شخصی اجارہ داری کے بجائے اجتماعی سوچ کو مضبوط اور فروغ دینے کے لیے پیش کیا گیا اور مثبت سوچ کے ساتھ لے کر اس سے منظور کرلیا جائے۔قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ عوام اور قانون کا نام لے کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ نیک نیتی کے ساتھ اصلاحات کا بل ہے لیکن یہ اصلاحات کا نہیں بلکہ مفادات کا بل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کے سیاسی اور ان کے ذاتی مفادات کا بل ہے، اپنے مفادات کو بیچ میں رکھا اور اس پر اصلاحات کا کور چڑھا کر خوش نما بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس بل کی اصلیت اور اغراض و مقاصد یہ چھپا نہیں سکتے، اس ملک میں اقتدار پر بھی اشرافیہ قابض ہے، ان کے لیے آئین میں بھی صرف نظر ہو جاتا ہے اور ان کے لیے قوانین بھی بن جاتا ہے۔شہزاد وسیم نے کہا کہ اشرافیہ چاہے تو ان کے لیے پانی پر بھی راستہ بن جاتا ہے اور عوام اس پانی میں اس طرح ڈوب جاتے ہیں کہ ان کی لاش بھی اوپر کی سطح تک نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کی یہ حالت ہے، یہ قانون اور آئین ہے جس کو انہوں نے موم کی ناک بنایا ہے اور جہاں دل آتا ہے ادھر موڑتے ہیں اور اپنا مقصد نکالتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ 100 فیصد ذات سے متعلق قانون لے کر آ رہے ہیں، یہ اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں،

یہاں نیب قوانین بھی اسی طرح آئے تھے، ای وی ایم اور بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کا حق بھی روندا تھا اور آج پھر اس ایوان پر ایک اور بلڈوزر پھیرنے جا رہے ہیں، نام عوام کا اور کام اپنا اور یہی اس بل کی حقیقت اور اصل چیز ہے۔پی پی پی سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ میں اس بات کو ماننے سے قاصر ہوں کہ اس بل کا تعلق آئین کے اندر 90 دن کے اندر الیکشن کی شق سے ہے، آئین میں ایک شق دی گئی ہے اس کا پورا ہونا لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وکلا برادری کا پرانا مطالبہ رہا پھر بار ایسوسی ایشنز اور پھر بارکونسلز کا مطالبہ بنا، لاتعداد قراردادیں ہیں جس میں بار کونسلز نے مطالبہ کیا گیا کہ جو صورت حال سپریم کورٹ میں بالخصوص از خود نوٹس کی نسبت سے بن رہی ہے، اس پر نظر ثانی کی جائے۔انہوںنے کہاکہ تشویش کی بات یہ ہے کہ جب کسی بھی معاشرے کے اندر ادارے آپس میں دست و گریباں ہونے لگے تو وہ پورے ملک اور ریاست کے لیے ایک خطرے کی گھنٹی ہوتے ہیں۔

رضا ربانی نے کہا کہ ہم یہاں ایک چیز تو دیکھی ہے کہ پارلیمان کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غیرفعال کر دیا گیا، جو پچھلے چند دنوں سے سپریم کورٹ کے اندر جو صورت حال پیدا ہو رہی ہے وہ نہایت تشویش ناک ہے، جو ریاست پاکستان کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ بار کونسلز اور عام آدمی کا مطالبہ تو پہلے سے تھا لیکن اب یہ سپریم کورٹ کے اندر سے بھی ازخود آیا ہیانہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پارلیمان کے بجائے اپنے تنازعات عدلیہ کے پاس لے کر گئیں، جس کی وجہ سے عدلیہ پر دباؤ آیا کہ ان کو سیاسی تنازعات پر ملوث ہونا پڑا۔انہوںنے کہاکہ جو ثالثی کی بات ہو رہی ہے تو عدلیہ ثالث بن سکتی ہے، نہ تو آئین کے تحت کردار ہے اور نہ وہ بن سکتے ہیں، ثالث کیلئے پارلیمان، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرکا کردار ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہاکہ بل کمیٹی کے سپرد ہونا چاہیے، اہم معاملے کو کمیٹی میں نہ بھیجنے کی اپنی حکومت میں بھی مخالفت کرتا تھا، بل کے وقت پر اعتراض ہے، ابھی اس سے متعلق الیکشن کا کیس سپریم کورٹ کے پاس چل رہا ہے، سپریم کورٹ میں آئینی مسئلہ چل رہا ہے، اس پر بحث ہو رہی ہے، عدالت پوچھ رہی تھی آئین میں کہاں لکھا ہے پیسے نہ ہونے پر الیکشن لیٹ کیا جاسکتا ہے۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ کیا ہم آئینی ترمیم کے بغیر 184/3 میں ترمیم کر سکتے ہیں، 184/3 میں صرف آئینی ترمیم کی جا سکتی ہے، آپ ایسے قانون پاس کریں گے تو آئندہ 15 دن میں یہ قانون کالعدم قرار دے دیا جائیگا۔قبل ازیں چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس شروع ہوا تو پاک فوج کے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور زلزلوں میں شہید ہونے والے افراد سابق سینیٹر ستارہ ایاز کی والدہ کے انتقال پر دعا کی گئی اور اس کے بعد سینیٹرز کے سوالات لیے گئے۔

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس وقت ملک میں مردم شماری جاری ہے اور اگر نتائج آگئے اور اس کی توثیق ہوگئی تو حلقہ بندیاں اور عام انتخابات اسی کے تحت ہونے چاہئیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مردم شماری کے حوالے سے ایک سوال پر جواب دیا کہ 2017 میں جب مردم شماری ہوئی تو اس پر کافی اعتراضات آئے تھے اور 2017 کے آخر میں تمام جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس ہوا تھا اور اس پر ایک معاہدہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نکات یہ تھے کہ 2018 کے انتخابات عبوری نتائج پر ہوں گے کیونکہ آئین کے آرٹیکل 51 کی منشا یہ ہے کہ عام انتخابات گزشتہ مردم شماری کے مطابق ہوں گے کیونکہ حلقہ بندیاں آبادی کے تناسب ہوتی ہے اور وسائل کی تقسیم بھی اسی حساب سے ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام جماعتوں نے اتفاق رائے سے معاہدے پر دستخط کیا کہ 2023 کے انتخابات سے پہلے ڈیجیٹل مردم شماری کرائی جائے گی اور اس معاہدے کے نتیجے میں 2018 کے انتخابات کو قانونی شکل دینے اور آئین کے عین مطابق رکھنے کے لیے آرٹیکل 51 میں ایک دفعہ کے لیے ترمیم کی گئی اور اس میں کہا گیا کہ 2018 کے انتخابات عبوری مردم شمار پر ہوں گے۔

وزیرقانون نے کہا کہ 2018 کے انتخابات ہوگئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آگئی اور وہ اس معاہدے کا حصہ تھی اور ان سے بارہا کہا گیا مردم شماری کرادیں لیکن کرتے کرتے پچھلے سال انہوں نے اعلان کیا اور موجودہ حکومت نے اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 23ـ2022 کے بجٹ میں 35 ارب روپے مختص کیے گئے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری اور خانہ شماری ہو رہی ہے اس کا آغاز یکم مارچ کو ہوچکا ہے اور اس عمل کی ذمہ داری وزارت منصوبہ بندی اور ترقی کی ہے اور 30 اپریل سے پہلے پایہ تکمیل تک پہنچنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آیا عام انتخابات مردم شماری کی موجودگی میں جب تک مردم شماری نوٹیفائی نہ ہوسکتے ہیں یہ آئینی سوال ہے اور یہ مسئلہ آئے گا، آرٹیکل 58 کی منشا یہ ہے کہ عام انتخابات گزشتہ مردم شماری کے تحت کیے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ موجودہ مردم شماری کی تصدیق ہوتی ہے، نتائج آجاتے ہیں تو پھر حلقہ بندیاں اور انتخابات اسی کے تحت ہونے چاہئیں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیٹر اور وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ 2017 میں مردم شماری پر سندھ بالخصوص کراچی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لوگوں کو تحفظات تھے، اس لیے اس وقت کی پارلیمان کی تمام جماعتوں نے کہا کہ اس کا آڈٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ مردم شماری اس لیے ہو رہی ہے کہ 2017 کی مردم شماری پر سب کا اتفاق نہیں تھا۔فیصل سبزواری نے کہا کہ اب جو پریشان کن صورت حال خاص طور پر کراچی شہر سے ہمارے سامنے آرہی ہے وہ یہ ہے کہ 35 ارب روپے مختص کرنے اور ڈیجیٹل مردم شماری قرار دیے جانے کے بعد اگر لوگوں کے ذہنوں میں خدشات پلنے شروع ہوجائیں اور مردم شماری کے سربراہ یہ کہیں کہ رہائشی بلاکس میں 6 سے 7 برسوں میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ہاؤس ہولڈ میں بھی اتنا ہی اضافہ ہوا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے حساب سے نمبر نکال کر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مردم شماری کوئی نہیں مانے گا، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تمام خدشات متعلقہ محکمے ادارہ شماریات، مردم شماری کمشنر ہوں اور نادرا کو شامل کرنا چاہیے اور مردم شماری کو شفاف بنانا چاہیے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے نیشنل یونیورسٹی پاکستان کی تشکیل کا بل 2023 ایوان میں پیش کردیا اور چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے دو دن میں واپس ایوان میں لانے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں عدالتی اصلاحات سے متعلق بل بھاری اکثریت سے گزشتہ روز منظور کر لیا تھا جہاں حزب اختلاف اور حکومتی اراکین نے اس بل کی بھرپور حمایت کی تھی جبکہ چند آزاد اراکین نے اسے عدلیہ پر قدغن قرار دیا تھا۔بل وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا تھا اور اسمبلی سے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا تھا۔بینچز کی تشکیل کے حوالے سے قومی اسمبلی سے ترامیم کے بعد منظور کیے گئے بل میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے سامنے کسی وجہ، معاملہ یا اپیل کو چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججز پر مشتمل ایک کمیٹی کے ذریعے تشکیل دیا گیا بینچ سنے گا اور اسے نمٹائے گا، کمیٹی کے فیصلے اکثریت سے کیے جائیں گے۔عدالت عظمیٰ کے اصل دائرہ اختیار کو استعمال کرنے کے حوالے سے بل میں کہا گیا کہ آرٹیکل 184(3) کے استعمال کا کوئی بھی معاملہ پہلے مذکورہ کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ اگر کمیٹی یہ مانتی ہے کہ آئین کے حصہ II کے باب اول میں درج کسی بھی بنیادی حقوق کے نفاذ کے حوالے سے عوامی اہمیت کا سوال پٹیشن کا حصہ ہے تو وہ ایک بینچ تشکیل دے گی جس میں کم از کم تین ججز شامل ہوں گے، سپریم کورٹ آف پاکستان جس میں اس معاملے کے فیصلے کے لیے کمیٹی کے ارکان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔آرٹیکل 184(3) کے دائرہ اختیار کا استعمال کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے بینچ کے کسی بھی فیصلے پر اپیل کے حق کے بارے میں بل میں کہا گیا کہ بینچ کے حکم کے 30 دن کے اندر اپیل سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے پاس جائے گی، اپیل کو 14 دن سے کم مدت کے اندر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

بل میں قانون کے دیگر پہلوؤں میں بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں، اس میں کہا گیا ہے کہ ایک پارٹی کو آئین کے آرٹیکل 188 کے تحت نظرثانی کی درخواست داخل کرنے کے لیے اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے کا حق ہوگا۔اس کے علاوہ کہا گیا کہ کسی وجہ، اپیل یا معاملے میں جلد سماعت یا عبوری ریلیف کے لیے دائر کی گئی درخواست 14 دنوں کے اندر سماعت کے لیے مقرر کی جائے گی۔بل میں کہا گیا کہ اس کی دفعات کسی بھی دوسرے قانون، قواعد و ضوابط میں موجود کسی بھی چیز کے باوجود نافذ العمل ہوں گی یا کسی بھی عدالت بشمول سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے فیصلے پر اثر انداز ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں