وزیراعظم

سیلاب متاثرین کی داد رسی کا مشن،وزیراعظم کا دورہ صحبت پور، نقصانات پر بریفنگ

صحبت پور(نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاو کنٹرول کرنا ضروری ہے، ان علاقوں سے نکاسی آب کا کام تیز کیا جائے، وافر مقدار میں فنڈز ہیں، امدای کام نہیں رکنا چاہیے، ترکیہ سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دیئے جائیں، امدادی سامان متاثرین تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم میاں شہبار شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم کو سیلاب کی تباہ کاریوں، ریسکیو اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ ضلع صحبت پور کے دورہ کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحبت پور میں ایک لاکھ 90 ہزار گھر متاثر ہوئے، میڈیکل کپمپوں میں 4 لاکھ سے زائد افراد کو طبی امداد دی گئی، سیلاب متاثرین کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار مچھر دانیوں کا انتظام ہوچکا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلا کنٹرول کرنا ضروری ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکاسی آب کا کام تیز کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس وافر مقدار میں فنڈز ہیں، مزید چاہیے ہوں تو بتا دیں لیکن امدای کام نہیں رکنا چاہیے، ترکیہ سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دیئے جائیں، شام تک ان متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی پہنچ جائے گا، امدادی سامان متاثرین تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں