اسٹار فواد خان

سیاست سب جگہ پر ہوتی ہے اس طرح بالی ووڈ میں بھی بہت سیاست ہے،فواد خان

کراچی ( عکس آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹار فواد خان کا کہنا ہے کہ سیاست سب جگہ پر ہوتی ہے اس طرح بالی ووڈ میں بھی بہت سیاست ہے۔

فواد خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اْنہوں نے بھارت میں کام کرنے کے تجربے اور بھارتی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت کے بارے میں بات کی۔پوڈ کاسٹ کے میزبان احمد علی بٹ نے اداکار سے یہ سوال پوچھا کہ کیا بھارت میں پاکستانی اداکاروں کی شہرت دیکھ کر بھارتی اداکار خوفزدہ ہوتے ہیں؟

فواد خان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑا مشکل سوال ہے کیونکہ مجھے بھارت سے بہت محبت بھی ملی ہے۔اداکار نے کہا کہ سیاست ہر انڈسٹری میں ہوتی ہے، پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی ہوتی ہے، انسان اپنے ملک کی انڈسٹری میں ہونے والی سیاست کا مقابلہ زیادہ آسانی سے کر سکتا ہے، میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں نے ایسی باتیں بھارت میں سنی نہیں ہیں۔

اْنہوں نے کہا کہ جہاں تک بات ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی شہرت کو بھارتی اداکار خطرہ سمجھتے ہیں یا نہیں تو میں خود تھوڑا سا مختلف نظریہ رکھتا ہوں، مجھے ایسا نہیں لگتا کہ جو دِکھتا ہے وہی بِکتا ہے بلکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جو کم دِکھتا ہے وہ زیادہ بِکتا ہے تو اس لیے میں بھارت میں اپنی پی آر ٹیم کو کہتا ہوں کہ وہ میرا نام ہر جگہ پر سامنے نہ لائیں۔

فواد خان نے مزید بتایا کہ میری بھارت میں موجود پی آر ٹیم کو میری اس سوچ پر اعتراض ہوتا ہے اور وہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ کو نہیں پتہ کہ آج کل دنیا کس طرح چلتی ہے تو میرا ان لوگوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں