فرخ حبیب

سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں ہمیشہ کی طرح (ن )لیگ اور پیپلزپارٹی بھاگے ہوئے ہیں ،فرخ حبیب

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں ہمیشہ کی طرح (ن )لیگ اور پیپلزپارٹی بھاگے ہوئے ہیں ،دونوں جماعتوں نے سکروٹنی کمیٹی میں ایک ایک اکائونٹ ظاہر کیا ،ان کے کئی اکائونٹس نکل آئے ہیں،مریم صفدر کی ناکام حکمت عملی اپنے اراکین کو نااہل کروائے گی،پیزا کھانے کے خواہشمند فضل الرحمان کو حلوے کا بھی حساب دینا ہوگا۔

بدھ کو یہاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں ہمیشہ کی طرح ن لیگ اور پیپلزپارٹی بھاگے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ اجلاس میں کہہ گئی ہے ہمارا ریکارڈ فرخ حبیب کو نہ دیا جائے،سوال یہ ہے ان کو کس بات کا ڈر ہے جو ریکارڈ دینے کی مخالفت کر رہے ہیں،دونوں جماعتوں نے سکروٹنی کمیٹی میں ایک ایک اکائونٹ ظاہر کیا مگر ان کے کئی اکاونٹس نکل آئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سٹیٹ بنک ریکارڈ کے مطابق انکے کئی اکائونٹس سامنے آئے ہیں ،لیگی وکیل نے اعتراف کیا کہ اسامہ سے فارن فنڈنگ لی گئی ،کہا 90 کی دہائی میں ہونے والے اقدام پر قانون لاگو نہیں ہوتا ،

ن لیگ کہتی ہے ان کے منتخب اراکین نے پارٹی کو چندا دیا ،لیگی اراکین نے چندا ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا تو وہ بھی نااہل ہونگے ،مریم صفدر کی ناکام حکمت عملی اپنے اراکین کو نااہل کروائے گی،پی ٹی آئی کے علاوہ کسی نے فنڈ ریزنگ نہیں کی،یہ تو سو لوگوں کے فنڈز کی تفصیلات نہیں بتا سکے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے 40 ہزار ڈونرز کی تفصیلات دیں ،ن لیگ کو فنڈنگ کھوکھر برادران جیسے رائے ونڈ کی اے ٹی ایمز نے کی ،

فرخ حبیب نے کنڈولیزا رائس کی کتاب کا حوالہ دیا اور کہاکہ کنڈولیزا رائس نے پیپلزپارٹی اور مشرف کا این آر او کروایا ،کنڈولیزا رائس کو قائل کرنے والے مارک سیگل کو خزانے سے 60 لاکھ ڈالر ادا کئے گئے ،فضل الرحمان کے دفاتر کی تختیوں پر لکھا ہے کہ فنڈنگ لیبیا اور عراق سے ہوئی ،پیزا کھانے کے خواہشمند فضل الرحمان کو حلوے کا بھی حساب دینا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ چیلنج کرتا ہوں مریم اور بلاول ریکارڈ لیکر ٹی وی پر آئیں مناظرہ کر لیتے ہیں،سکروٹنی کمیٹی کارروائی اوپن کرنے پر اعتراض نہیں،الیکشن کمیشن خود کہ چکا ہے کہ وہ اپنی کارروائی اوپن کرے گا ،پی ٹی آئی چاہتی ہے بنک ریکارڈ تمام فریقین کو دکھایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں