اسلام آباد(عکس آن لائن ) سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی سزا اور لاش کو گھسیٹ کر ڈی چوک لانے کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی ۔سماجی کارکن اقبال کاظمی کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ انسانی لاش کو چوراہے پر گھسیٹنا توہین میت ہے، فیصلے سے عدلیہ کا وقار مجروح ہوا اور اداروں میں ٹکرا وکا تاثر بھی پھیل رہا ہے۔
خصوصی عدالت کے فیصلے سے ملک میں انتشار اور بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔متن میں درج ہے کہ خصوصی عدالت کے پاس آرٹیکل 6 کیخلاف کارروائی کا اختیار نہیں۔سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کی تشکیل کو قانون سے متصادم قرار دیا جائے اور خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار کا آئین و قانون کے تحت جائزہ لیا جائے۔