سپریم کورٹ

سپریم کورٹ،ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی،عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کو کیس چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے سے متعلق سوالات اٹھا دیئے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ دیکھیں گے تعمیراتی ٹھیکہ کیسے دیا گیا ؟۔

بدھ کو پشاور بی آر ٹی منصوبہ کیس کی جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت کی اپیل کو زیادہ عرصے حکم امتناع میں نہیں رکھنا چاہتے، صوبائی حکومت بی آر ٹی کیس چلائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بطور عدلیہ منصوبے کے حوالے سے مخصوص چیزوں کا جائزہ لینا ہے، منصوبے کے ڈیزائن میں بار بار عوام کے پیسے سے تبدیلی کی گئی، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کا جائزہ بھی لیں گے، دیکھنا ہے کہ منصوبے میں کہیں مفادات کا ٹکراو تو نہیں ؟ منصوبہ کہیں بغیر تیاری کے شروع تو نہیں کیا گیا ؟

منصوبے میں غلطیوں کو بھی دیکھنا ہے، صوبائی حکومت نے کہیں ادھورے منصوبے پر اربوں روپے تو نہیں لگا دیئے ؟ شفافیت کا جائزہ بھی لیں گے۔عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل کی جانب سے التوا کی استدعا پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں