سعودی وزیر خارجہ

سوڈان میں دونوں فریقوں سے بات چیت پر زور دے رہیں ، فیصل بن فرحان

ریاض(عکس آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے سوڈان کے تنازع کے لیے دونوں فریقوں کی طرف سے کیے جانے والے معاہدے جدہ اعلامیہ کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا معاہدے کو مستحکم کرنے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔

سوڈان کی صورتحال سے متعلق عرب وزارتی رابطہ گروپ کے اجلاس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم تنازعہ کے فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ سنجیدگی سے ایسی بات چیت کریں جو برادر سوڈانی عوام کے مصائب میں کمی لائے اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں معاون ثابت ہو۔اجلاس میں مصر اور عرب لیگ کے ملکوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جدہ اعلامیہ کے اہم ترین مواد کا جائزہ لیا گیا۔

اس اعلامیہ میں سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کا عزم بھی شامل ہے۔اجلاس میں عرب وزارتی رابطہ گروپ کی کوششوں اور تمام سوڈانی جماعتوں کے ساتھ اچھے مراسم قائم کرکے وہاں حکمت کی آواز کو غالب کرنے پر بات چیت کی گئی۔ اسی طرح سوڈان کے اعلی مفادات کو برقرار رکھنے اور سوڈانیوں کی امنگوں اور خواہشات پر پورا اترنے کے حل تک پہنچنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جدہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران مصری وزارت خارجہ نے سوڈان میں فوری اور پائیدار جنگ بندی تک پہنچنے کی اہمیت پر زور دیا۔گروپ نے اصولوں کے اعلان کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا جو سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں نے حال ہی میں جدہ میں شہریوں کے تحفظ، انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے اور فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے طے کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں