فیصل آباد (عکس آن لائن) فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے بعض مقامات پرسورج مکھی کے کئی کاشتکاروں نے سورج مکھی کی نئی فصل کی قیمت خرید مقرر نہ کئے جانے اور مڈل مین مافیا و بیوپاریوں کے استحصالی گٹھ جوڑ کے باعث سورج مکھی کی فروخت کی بجائے گھریلو سطح پر ڈالڈاگھی کی تیاری شروع کر دی ہے ۔
پاکستان کسان ویلفیئر کونسل کے ترجمان نے بتایاکہ سورج مکھی کے کاشتکاروں نے پیداواری لاگت کے برعکس خریداری کے نرخوں میں کمی کے باعث خود گھروں میں ڈالڈا گھی تیار کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اس مقصد کیلئے کئی مقامات پر گھریلو سطح پر بھٹیاں بنائی گئی ہیں اور کیمیکلز سے 100فیصد پاک صحت مند گھی تیار کیاجارہاہے ۔
انہوں نے بتایاکہ دیہی سطح پر سورج مکھی سے مقامی طورپر تیار کیاجانیوالا گھی تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہاہے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ سورج مکھی کے کاشتکاروں کا استحصال روکنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے اور پیداواری لاگت کے تناسب سے سورج مکھی کی قیمت کا تعین کیاجائے۔