کورونا کا شکار

سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 بچے کورونا کا شکار

کراچی(عکس آن لائن ) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ صوبے میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے لاک ڈاون کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈاون سے متعلق لوگوں کی متضاد اور مختلف آراء ہیں، کوئی اسمارٹ لاک ڈاون کی بات کرتا ہے تو کوئی لاک ڈاون کو ہی غلط قراردیتا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کورونا کا شکار ہیں، یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ یہ بچے اور بزرگ لاک ڈاون کے دوران اپنے گھروں سے نہیں نکلے ہوں گے، انہیں کورونا کا کسی اور نے نہیں بلکہ ان افراد نے شکار کیا جو گھروں سے باہر نکلے۔

اسی لئے حکومت بار بار گھروں پر رہنے اور آئیسولیشن کی تلقین کررہی ہے، لوگوں نے باہر نکل کر کورونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معصوم بچوں، بزرگوں اور پورے معاشرے کو اس مرض سے بچانا ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم لاک ڈاون پر سنجیدگی سے خود بھی اور دوسروں کو بھی عمل کروائیں، خدارا لاک ڈاون پر عملدرآمد کرکے اپنی نسلوں کو محفوظ کریں، آئیے اپنے گھروں پر قیام سے خود اور اپنی فیملی کو اس مرض سے محفوظ رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں