سمبڑیال

سمبڑیال:میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کی آشیر باد سے ریڑھی والوں نے دوکانداروں کے دروازوں کے آگے فروٹ کے ڈھیر لگا دئیے

سمبڑیال( نمائندہ عکس آن لائن)میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں کی آشیر باد سے فروٹ ریڑھی والوں نے دوکانداروں کے دروازوں کے آگے فروٹ کے ڈھیر لگا دئیے ۔

ڈیوٹی کے بعد واپسی پر ٹریفک اور کمیٹی کے متعلقہ اہلکاروں کے پھلوں کے شاپر بھر بھر گھر لے جانے کا انکشاف ،مٹھی بھی گرم کی جاتی ہے ۔اگر انہیں یہاں سے نہ اٹھوایا گیا تو دوکانوں کی چابیاں احتجاجاًاسسٹنٹ کمشنر کو جمع کروا دیں گے ،تاجروں کا موقف ۔تفصیلات کے مطابق پرانا سول ہسپتال سمبڑیال کے آگے لگنے والی فروٹ ریڑھیاں اب پھیل کر چوک کے دوسری طرف دوکانوں کے آگے لگنے لگیں ،

اب وہاں فروٹ منڈی کی طرز پر بڑے بڑے ڈھیر اترنے شروع ہو گئے ہیں جو تجاوزات کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ پچھلی دوکانوں میں خریداروں کی آمد رفت میں مشکلات کا سبب بن رہے ہیں جس سے تاجر حضرات سراپاءاحتجاج بن گئے ،دوکانداروں کا کہنا ہے کہ دوکانوں کا کرایہ ہم دیں ،ٹیکس ہم دیں اور اہلکار ہمارے آگے ریڑھیاں لگوا کر عیاشی کریں ہمیں منظور نہیں ،پچاس ہزار کی آبادی کو جانے والا واحد راستہ رات گئے تک ان ریڑھی والوں کی وجہ سے بند رہتا ہے

وہاں سے گزرنا مشکل ہوتا ہے بات بات پر یہ ریڑھی والے نہ صرف بے عزتی کرتے ہیں بلکہ مارنے پر بھی اُتر آتے ہیں تاجروں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کیا ہے کہ دوکانوں کے آگے سے ریڑھیاں ہٹوائی جائیں اور چوک خالی کروایا جائے ورنہ ہم اپنی دوکانوں کی چابیاں مجبوراً اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر وڑائچ کے حوالے کر دیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں