پاک سعودی تعلقات

سعودی وزیرِ خارجہ نے پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کواہم ترین قرار دیدیا

ریاض (عکس آن لائن)سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کواہم ترین قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سعودی ولی عہد بھی دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں، دیگر حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے،اسلامی ممالک میں اسلامو فوبیا سے متعلق بات چیت ضروری ہے، پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ سعودی عرب میں بہت سے پاکستانی کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان مسلم امہ کو درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وزیرِ اعظم کے دورے میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر توجہ مرکوز تھی، سعودی ولی عہد بھی دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں، دیگر حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے 70 پر محیط تعلقات بہت اہم ہیں،

عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کاحامل ہے، جس میں سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ولی عہد نے بہت سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے اور مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسلامی ممالک میں اسلامو فوبیا سے متعلق بات چیت ضروری ہے، پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے اوآئی سی کا کردار اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں