وزیراعلی خیبرپختونخوا

سستی روٹی پرعمل درآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا: علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سستی روٹی پر عمل درآمد کراکر دکھاؤں گا، اگر عمل درآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کا ایک اور تجربہ کیا جارہا ہے، قوم مزید تجربے برداشت نہیں کرسکتی، پی ڈی ایم ون کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، یہ ملک کہاں سے کہاں چلا گیا، قوم کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے جو حالات بنائے وہ بھی سب کے سامنے ہیں، ہوش کے ناخن لیں اور ملک کی سوچیں، لندن پلان اور کوئی پلان کرکے اور تجربے نہ کریں، مہنگائی سے پریشان ہے،عوام کے مسائل کا سوچیں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں بھی ہیلتھ کارڈ دیا تھا آپ نے بند کردیا، ہم نے روٹی سستی کی ہے، میں عملدرآمد کراکر دکھاؤں گا، اگر عملدرآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت اور کارکردگی سب کچھ ٹک ٹاک پرچل رہی ہے ،قوم مزید بے وقوف نہیں بن سکتی، میں ٹک ٹاک کا کوئی جواب نہیں دیتا، قوم کی بہتری کیلئے کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

قبل ازیں انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی،انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور انسداددہشتگری عدالت پیش ہوئے۔

سابق سینیٹر شبلی فراز بھی ایس ایس پی انویسٹی گیشن،تفتیشی افسر کے ہمراہ ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، جج طاہر عباس سپرا نے آئی او سے استفسار کیا کہ شبلی فراز آپ کو تفتیش کے لیے چاہیئے جس پر تفتیشی افسر نے کہاکہ اب تفتیش کی ضرورت نہیں رہی ۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کی چالان جمع ہونے سے پہلے بریت کی درخواست دائر ہوئی، بریت بھی ہوگئی ، ایک کے لیے تفتیشی کہہ رہا کہ شواہد موجود نہیں ہے باقی کا کیا ہوگا ۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے علی امین گنڈاپور و دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواستوں میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں