تمباکو

سردی کی شدت میں کمی کے باعث کاشتکاروں کو تمباکوکی پنیری کھیت میں منتقل کرنے کی ہدایت

قصور (عکس آن لائن):سردی کی شدت میں کمی کے باعث کاشتکاروں کو تمباکوکی پنیری کھیت میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ اب جبکہ سردی کی شدت ختم ہوگئی ہے اور موسم بھی خوشگوارہونا شروع ہوگیاہے لہذا تمباکوکے کاشتکار فوری طورپر پنیری کھیت میں منتقل کرنا شروع کردیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)قصورمحمداکرم طاہرنے بتایا کہ کاشتکار تمباکو کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے بھاری میرا اور زرخیززمین کا استعمال کرسکتے ہیں تاہم اس میں بہتر نکاس ہونا بھی اشدضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ تمباکو کی پنیری اکھاڑنے سے کم ازکم 6 سے 8 گھنٹے قبل اچھی طرح آبپاشی کرلیں اور پنیری کو صبح یا شام کے اوقات میں کھیتوں میں منتقل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے کے لئے وٹوں پر مشرق کی جانب پانی کی سطح سے قدرے اوپر نشان لگانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پنیری کی جڑوں کو گیلی یاخشک مٹی بھی لگانی چاہئیے تاکہ پودوں کی جڑوں کی گرفت مضبوط ہوسکے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کا فیلڈسٹاف بھی ان کی راہنمائی کے لئے ہمہ وقت موجودہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں