سندھ ہائیکورٹ

رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت، پراسیکیوٹرجنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی

کراچی (کورٹ رپورٹر ) رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹرجنرل نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر جنرل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے عدالت سے کہا کہ علی وزیرکی تقریرکا ترجمہ کرنے کے لیے سی ڈی اسلام آباد بھیجی ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ جب معلوم ہی نہیں ہے تقریرمیں کیا کہا تو مقدمہ کیسے درج کرلیا؟ پراسیکیوٹرنے جواب دیا کہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی کو کیا معلوم پشتو خطاب میں کیا کہا گیا ہے؟

سادہ معاملہ ہے، صرف درخواست ضمانت پر فیصلہ ہونا ہے ٹرائل پر فیصلہ نہیں سنا رہے۔ عدالت نے کہا کہ جوچیزیں سامنے آچکی ہیں اس سے تو ضمانت بنتی ہے، آخری بارمہلت دے رہے ہیں، مزید تاریخ نہیں دیں گے۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے علی وزیرکے خلاف کیس کا ریکارڈ 11 مئی کو طلب کرلیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے علی وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ وکلا رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ ایک سال مکمل ہونے والا ہے ابھی تک ایک گواہ پیش نہیں کیا گیا۔ علی وزیر کے خلاف شاہ لطیف تھانے میں دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ علی وزیرکے خلاف دہشتگردی کے تین مقدمات سندھ میں درج ہیں جبکہ ایک مقدمے میں علی وزیرکی سپریم کورٹ نے ضمانت منظورکررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں