روٹری کلب

روٹری کلب کا جنرل ہسپتال کے طبی عملے کیلئے حفاظتی سامان کا عطیہ، دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے روٹری کلب کا کردار ہمیشہ مثالی رہا، ایم ایس جنرل ہسپتال

لاہور(عکس آن لائن) روٹری کلب لاہور چیپٹر کی صدر ثمرہ کی طرف سے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے حفاظتی سامان کی وصولی کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے روٹری کلب کا کردار ہمیشہ مثالی اور لائق تحسین رہا ہے،

مشکل کی گھڑی میں دوسروں کے کام آنے والوں کو کسی طورفراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ایم ایس نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا صاحب حیثیت اور دولت مند افراد کے لئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے بلا شبہ ایک امتحان ہے کہ وہ ضرورت مندوں میں اپنا مال خرچ کرنے کے لئے کس حد تک فراخ دلی سے کام لیتے ہیں۔

ڈاکٹرمحمود صلاح الدین نے کہا کہ ملک میں پولیو کی روک تھام کا معاملہ ہو یا کسی اور وبائی مرض کے خلاف جدوجہد کرنا ہوروٹری کلب نے ہمیشہ نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں جس کے لئے ہم اُن کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

اس موقع پر روٹری کلب لاہور چیپٹر کی صدر مس ثمرہ نے جنرل ہسپتال میں قائم ہیلپ لائن کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران مریضوں کو گھر بیٹھے طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا اور عوام میں احتیاطی تدابیر کے متعلق شعور اجاگر کرنے پر پرنسپل پی جی ایم آئی سردار الفرید ظفر کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ طب سے وابستہ افراد وائرس کے خطرات کے باوجود فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر شہریوں کی جانیں بچانے میں مصروف ہیں اور یہی مسیحا کا اصل مقصد ہے۔مس ثمرہ نے روٹری کلب کی طرف سے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں اورطبی عملے کو دیے جانے والے حفاظتی سامان میں پی پی ای کٹس،گاؤن، گلووز،حفاظتی ماسک اور سینی ٹائزر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں