رونالڈو

رونالڈو سے ڈیل پر پچھتاوے کی خبریں درست نہیں’ النصر کلب

ریاض (عکس آن لائن) معروف سعودی النصر کلب نے رونالڈو سے معاہدہ پر افسوس کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔سعودی عرب کے النصر کلب کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ سابق صدر مصلی المعمر کے بیان سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کہ کلب کو رونالڈو سے معاہدے کے معاملے میں دھوکا ہوا۔النصر کے پریس ایڈوائزر ولید المحیدب نے مزید کہا کہ ہسپانوی میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ رونالڈو کے سعودی عرب آنے پر انہیں دھوکا ہوا جو سراسر جھوٹ ہے۔

گزشتہ دنوں النصر کے سابق صدر مصلی المعمر نے خراب کارکرگی کے باعث سعودی وزارت کھیل کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی تحلیل کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے منتقلی کے بعد سعودی کلب النصر نے رونالڈو کو ٹیم میں شامل کیا تاہم پرو لیگ کے دوران رونالڈو نے 14 میچز میں محض 11 گولز اسکور کیے جبکہ انکی ٹیم کو روایتی حریف الہلال سے بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

قبل ازیں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک انٹرویو کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ سے منتقلی کے دوران انتظامیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے میرے ساتھ دھوکا کیا، کلب کے منیجر ٹین ہیگ نے انہیں کلب چھوڑ کر جانے پر مجبور کرنے کی کوشش کی جبکہ کلب کی کارکردگی میں بہتری نہ آنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں