فیصل بن فرحان

روس اور یوکرین تنازع کے حل کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں، سعودی وزیر خارجہ

ڈیووس(عکس آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب روس اور یوکرین کے درمیان 11 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کیلئے کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد تنازع کے خاتمے کیلئے حل تلاش کرنا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے خیال ظاہر کیا کہ تنازع کا واحد حل مذاکرات ہیں اور سبھی اس سے اتفاق کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عرب ریاست تمام فریقین کو جلد حل تلاش کرنے پر زور دے رہی ہے۔

وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ریاض کے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بات بیان کرنا فی الوقت مددگار ثابت نہیں ہوگا۔انہوں نے تسلیم کیا کہ دونوں فریقین تنازع کے سفارتی حل سے اب بھی بہت دور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے روس سے تیل اور گیس کی قیمتوں میں استحکام کی بات کی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا خطے میں سب سے سرگرم سیکیورٹی پارٹنر ہے لیکن بطور تجارتی پارٹنر چین کی اہمیت برقرار ہے۔شام کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک 12 سالہ خانہ جنگی کے سیاسی حل کیلئے مل کر کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں