فروخت

رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں زبردست اضافہ

لاہور(عکس آن لائن )رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ (جولائی تا فروری)میں گاڑیوں کی فروخت نے مجموعی طور پر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں گزشتہ سال کے مقابلے میں 19.6 فیصد، جیپوں میں 143 فیصد، پِک اپس میں 32 فیصد، ٹریکٹروں میں 50 فیصد اور دو اور تین پہیوں والی سواری میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق بار بار قیمتوں میں اضافے کے باوجود نئی گاڑیوں کی جانب خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں کم شرح سود نے اہم کردار ادا کیا ہے۔8 ماہ میں کار کی کل فروخت 95 ہزار 139 یونٹ ہوگئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 79 ہزار 534 یونٹس تھی۔

ہونڈا سوک/سٹی کی فروخت میں 52 فیصد کا سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جو گزشتہ سال کے 10 ہزار 662 یونٹس کے مقابلے میں 16 ہزار 213 یونٹ فروخت ہوئیں۔دہائیوں پرانی سوزوکی بولان سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں دوسرے نمبر پر رہی جس کی فروخت میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کے 4 ہزار 73 یونٹس کے مقابلے میں 5 ہزار 481 یونٹس فروخت ہوئی۔تیسرے نمبر پر سوزوکی ویگن آر رہی جس کی فروخت میں 31 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کے 5 ہزار 812 یونٹس کے مقابلے میں 7 ہزار 608 یونٹس فروخت ہوئی۔مہینوں کے حساب سے دیکھا جائے تو گاڑیوں کی فروخت میں فروری کے 14 ہزار 453 یونٹس کے مقابلے میں تھوڑی سی کمی آئی اور 13 ہزار 570 یونٹس فروخت ہوئیں۔سوزوکی آلٹو 660 سی سی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں پھر ناکام رہی اور رواں مالی سال کے 8 ماہ کے دوران 27 ہزار 72 یونٹس سے 10 فیصد کم ہوکر 24 ہزار 293 یونٹس رہ گئی۔ماہرین کے مطابق مالی سال 2021 کے 7 ماہ کے دوران آٹو فنانسنگ میں 51 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں