ٹیسٹ میچ

راولپنڈی،پاکستان ،جنوبی افریقہ ٹیسٹ میچ کادوسرا روز،مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنا لیئے

راولپنڈی(عکس آن لائن)پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزجنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیئے۔اس سے پہلے پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 272رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے145رنز تین کھلاڑی آوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،دوسرے روز کے پہلے اوور کی دوسری گیند پر بابر اعظم 77رنز بنا کر آوٹ ہو گئے،وہ اپنے گذشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے ،انہوں نے 127گیندوں پر12چوکوں کی مدد سے 77رنز بنائے ،انہیں ڈوپلسی نے نوکیا کی گیند پر کیچ کیا۔اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 145رنز تھا۔بابر اعظم اور فواد عالم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 123رنز بنائے ۔بابر اعظم کے آوٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بیٹنگ کیلئے آئے۔149رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب فواد عالم 45رنز بنا کر بواما کے تھرو پر رن آوٹ ہو گئے،انہوں نے 45رنز 155گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے بنائے۔اس موقع پر فہیم اشرف بیٹنگ کیلئے آئے۔80.2اوورز کے کھیل کے بعد جنوبی افریقہ نے نئی گیند لے لی۔190رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب وکٹ کیپر محمد رضوان 18رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔

ان کے بعد حسن علی بیٹنگ کیلئے آئے ۔دوسرے روز پاکستان نے کھانے کے وقفے سے قبل6 وکٹوں کے نقصان پر 200رنز مکمل کر لیئے۔221رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی جب حسن علی 08رنز بناکر مہاراج کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں سلپ میں کیچ ہو گئے ۔اس موقع پر یاسر شاہ بیٹنگ کیلئے آئے۔دوسرے روز کھانے کے وقفے سے قبل فہیم اشرف نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔دوسرے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور7 وکٹوں کے نقصان پر229 رنز تھا۔کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان نے229 رنز 7کھلاڑی آوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،251رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب یاسر شاہ08رنز بنا کر ملڈر کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ان کے بعد نعمان علی بیٹنگ کیلئے آئے۔پاکستان کی نویں وکٹ 272رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب نعمان علی 08رنز بنا کرنوکیا کی گیند پر مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،جس کے بعد آخری بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی بیٹنگ کیلئے آئے، 272رنز کے مجموعی سکور پرپاکستان کی آخری وکٹ بھی گر گئی جب شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے نوکیا کی گیند پر ایلگر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،فہیم اشرف160گیندوں پر12چوکوں کی مدد سے 78رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 24.3اوورز میں 56رنز کے عوض5وکٹ،کیشو مہاراج نے 45اوورز میں90رنز کے عوض 3اور ویان ملڈر نے 17اوورز میں 40رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ربادا21اوورز میں 72رنز،جارج لنڈے 5.5اوورز میں04رنز اور ڈین الیگر1.1اوور میں06رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم اور ڈین ایلگر نے اننگ کا آغاز کیا۔26رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ گر گئی جب اوپنر ڈین ایلگر15رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ون ڈاون پوزیشن پر وینڈر ڈوسن بیٹنگ کیلئے آئے ،حسن علی کی اگلی گیند پر وہ کوئی رنز بنائے بولڈ ہو گئے ،اس موقع پرڈوپلیسی بیٹنگ کیلئے آئے ۔دوسرے روز چائے کے وقفے پر جنوبی افریقہ نے دو وکٹ کے نقصان پر26رنز بنالئے۔چائے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقہ نے 26رنز دو کھلاڑی آوٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا،55رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈوپلیسی 17رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،ان کے بعد ٹیمبا بواما بیٹنگ کیلئے آئے،جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ81رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب دوسرے اوپنر ایڈن مارکرم32رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،اس موقع پر کپتان ڈی کوک بیٹنگ کیلئے آئے، دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزجنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا ئے تھے کہ کھیل کا وقت ختم ہو گیا،کپتان ڈی کوک24رنز اور بواما15رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5اوورز میں29رنز کے عوض دو وکٹ،نعمان علی نے9اوورز میں19رنز اورفہیم اشرف نے5اوورز میں 16رنز کے عوض ایک،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی5اوورز میں19رنز اور یاسر شاہ4اوورزمیں 23رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں